Live Updates

"آئی ایم ایف سے مذاکرات کی ناکامی کی خبروں میں صداقت نہیں"

آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیابی تک جاری رہیں گے، مذاکرات جہاں پر تھے وہیں سے پیر سے دوبارہ آغاز ہوگا، وزارت خزانہ

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 17 اکتوبر 2021 19:52

"آئی ایم ایف سے مذاکرات کی ناکامی کی خبروں میں صداقت نہیں"
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 17اکتوبر 2021) آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیابی تک جاری رہیں گے، مذاکرات جہاں پر تھے وہیں سے پیر سے دوبارہ آغاز ہوگا، وزارت خزانہ کی آئی ایم ایف سے مذاکرات کی ناکامی کی افواہوںپر وضاحت ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت خزانہ نے وضاحت دی ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مذاکرات کی ناکامی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم کے مطابق جمعے کو مذاکرات جہاں پر تھے وہیں سے پیر سے دوبارہ آغاز ہوگا اور یہ مذاکرات بلا تعطل پیر سے دوبارہ شروع ہوں گے۔ترجمان نے بتایاکہ مذاکرات ختم ہونے کی کوئی حتمی تاریخ نہیں ہے، آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیابی تک جاری رہیں گے۔ترجمان کے مطابق سیکرٹری خزانہ اوران کی ٹیم بدستور واشنگٹن میں مذاکرات کیلئے موجود ہے، شوکت ترین اورگورنراسٹیٹ بینک شیڈول کےمطابق نیویارک میں ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئےکہا تھاکہ حکومت نے مہنگائی پہلےکردی اور اب آئی ایم ایف سے مذاکرات بھی ناکام ہوگئے، یہ ہے حکومت کی حکمت عملی؟ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کی ناکامی کے بعد حکومت قیمتوں میں اضافہ واپس لے، حکومت نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پہلے مان لیں پھر بھی مذاکرات ناکام ہوگئے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تین سال آئی ایم ایف کی اندھی تابعداری اور عوام کو مہنگائی سے لہولہان کردیا گیا اور نتیجہ صفر رہا،حکومت نے عوام کو دھوکا دیا اور آئی ایم ایف کو بھی چکر دیا۔ان کا کہنا تھا کہ تین سال سے عوام کا معاشی قتل جاری ہے، نواز شریف کی قیادت میں ن لیگ نے2015 میں آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا تھا،ہمارے دورمیں آئی ایم ایف پروگرام پر عمران نیازی تنقید کیا کرتے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات