Live Updates

اپوزیشن احتجاج کی بجائے ملک و قوم پر رحم کرے،مہنگائی پر جلد قابو پالیا جائےگا،

مریم نواز حساس اداروں پر الزامات لگا کر اپنے لئے خود گڑھا کھود رہی ہیں، وزیرداخلہ شیخ رشیداحمد کی پریس کانفرنس

پیر 18 اکتوبر 2021 16:02

اپوزیشن احتجاج کی بجائے ملک و قوم پر رحم کرے،مہنگائی پر جلد قابو پالیا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2021ء) وزیرداخلہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ  اپوزیشن احتجاج کی بجائے ملک و قوم پر رحم کرے،مہنگائی پر جلد قابو پالیا جائےگا،   مریم نواز کی طرف سے حساس اداروں پر چوک چوراہوں میں جو الزامات لگائے جا رہے ہیں، اس  کے  دیر پااثرات ہوں گے،وہ اپنے لئے گڑھا خود کھود رہی ہیں، افغانستان کے لئے 31 دسمبر تک ویزہ فیس ختم کررہے ہیں ،اب ویزہ آن لائن ہوگا، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے مزار کو ان کی بیٹی کی جانب سے دیئے گئے نقشے کے مطابق تعمیر کیا جائے گا۔

پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہاکہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر زبردست انتظامات کئے گئے ہیں، 120 کلومیٹر  تک چراغاں کیاگیاہے۔سی ڈی اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے مزار کو ان کی بیٹی کی طرف سے دیئے گئے نقشے کے مطابق بنایاجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت داخلہ قیدیوں کو تین ماہ کی معافی کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی تاہم  سنگین نوعیت کے کیسز میں ملوث افراد اس سےمستثنیٰ ہوں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان کے لئے آج سے 31 دسمبر تک ویزہ فیس ختم کررہے ہیں جبکہ ان کے لئے آن آرائیول ویزہ بھی معطل کیاگیاہے۔ اب ویزہ آن لائن ہو گا۔ افغان تاجروں کو 5 سال کا تجارتی ویزہ جاری کیاجائے گا۔  افغانستان بارڈر پر ہم نے آئی بی ایم ایس سسٹم طورخم اور چمن میں لگایا تھا اب اس سسٹم کو بدینی ، غلام خان ، کلاچی میں بھی  نصب کر رہے ہیں۔

  ہم افغانستان کے 2680 کلومیٹر  طویل  سرحد   پر یہی سسٹم لگانے جا رہے ہیں۔ یہ کام  74 سال میں نہیں ہوا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ہم افغانستان کے ساتھ ہیں لیکن دنیا کو بھی ساتھ ہوناچاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ایک مراہوا سیاسی ہاتھی ہے ۔ گزشتہ دسمبر میں ہمیں الوداع کہہ رہی تھی اب اگلا دسمبر بھی آ گیا ہے۔ پی ڈی ایم سے گزارش کروں گا کہ کنویں کے مینڈکوں کی سیاست کا دور ختم ہو گیا ہے اب گہرے پانیوں کی سیاست کا دور ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وبا اور قرضوں کی وجہ سے  مہنگائی آئی ہے۔ مہنگائی کی وجہ سے پوری دنیا مشکلات کا شکار ہے۔  امید ہے کہ مہنگائی پر جلد قابو پا لیا جائےگا۔ وزیراعظم عمرا ن خان مہنگائی کے حوالے سے میٹنگ کررہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی کاوشوں کی بدولت سال کے اندر اندر مہنگائی پر قابو پالیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں تقریباً 21 ماہ رہ گئے ہیں۔

5، 6 ما ہ تو انتخابات کی تیاری میں لگ جاتے ہیں۔ اپوزیشن احتجاج کی بجائے ملک وقوم پر رحم کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 150 بیڈز پر مشتمل ہسپتال کاقیام عمل میں لا رہے ہیں اور اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان  اس کا سنگ بنیاد رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے  اسلام آباد میں 1000 پولیس نفری بھرتی کرنے کی اجازت دی ہے۔اسلام آباد میں پولیس کی نفری کم تھی اسی وجہ سے ہم مزید نفری کو بھرتی کررہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت کی خوش قسمتی ہے کہ ان کو تھکی ہوئی اپوزیشن ملی ہے۔ اپوزیشن کا ٹائم پاس نہیں ہو رہا ہے ، اسی وجہ سے وہ حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کا سوچ رہی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ  مریم نواز حساس اداروں کو نشانہ بنا رہی  ہیں  ۔  ان  کی جانب سے  حساس اداروں پر چوک چوراہوں میں جو الزامات لگائے جا رہے ہیں ان کے دیرپااثرات ہوں گے ۔ مریم نواز خود اپنے لئے گڑھا کھود رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے کو مزید 16 گاڑیا ں فراہم کریں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات