تیمور جھگڑا نے کے ٹی ایچ میں ایم آر آئی مشین کی مرمت،فرانزک لیب اخراجات کی منظوری دے دی

وزیر صحت و خزانہ سے خیبر ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامیہ کی ملاقات ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال، ہسپتال میں ڈینگی ایمرجنسی نفاذ کا اعلان

پیر 18 اکتوبر 2021 20:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا سے پیر کے روز خیبر ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامیہ نے ملاقات کی اور ہسپتال سے متعلق مسائل پر اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے چیئرمین بورڈ آف گورنر پروفیسر ڈاکٹر ندیم خاور، ڈین خیبر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب، ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ظفر آفریدی، میڈیکل ڈائریکٹر اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد سراج، ایسوسی ایٹ ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر سعود اسلام ملک، فنانس ڈائریکٹر اکرام خٹک اور اسپیشل سیکریٹری صحت ڈاکٹر فاروق جمیل بھی موجود تھے۔

چیئرمین بورڈ آف گورنر پروفیسر ڈاکٹر ندیم خاور اور ڈین خیبر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب نے ہسپتال کے موجودہ نظام اور درپیش مسائل پر صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

جس میں ہسپتال کے ایم آر آئی مشین جو کہ خراب ہے کے لئے وزیر صحت نے اسکی فوری مرمت کے لئے اینڈومنٹ فنڈ سے مرمت کے لئے بجٹ کی منظوری دیدی۔خیبر میڈیکل کالج میںفرانزک لیب پر جو سالانہ تقریباً 5 کروڑ کا خرچہ آتا ہے اور وہ کالج کے بجٹ سے فرانزک لیب کے لئے مختص کیے گئے۔

وزیر صحت نے فرانزک لیب کے لئے بھی سالانہ 5کروڑ کے الگ فنڈ کی منظوری دیدی۔وزیر صحت نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں ڈینگی کے لئے ایمرجنسی کا نفاذ کا اعلان کر دیا کیونکہ صوبے میں سب سے زیادہ ڈینگی کے مریض لائے جاتے ہیں۔وزیر صحت کو ہسپتال میں موجودہ ادارہ جاتی پریکٹس کے حوالے سے آگاہ کیا گیا جہاں پر 100 فیصد ڈاکٹرز نے ادارجاتی پریکٹس شروع کر دی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر تقریباً ایک ہزار مریض دیکھے جاتے ہیں جس پر وزیر صحت نے اطمینان کا اظہار کیا اس کے علاوہ کورونا ویکسینیشن میں خیبر ٹیچنگ ہسپتال سب سے پہلے نمبر پر ہے جہاں پر تقریباً 2 لاکھ کے قریب شہریوں کو کورونا ویکسین لگ چکی ہے۔

اجلاس میں وزیر صحت کو موجودہ آن لائن سسٹم کے عمل درآمد اور آئی ایس او سے معاونت حاصل کرنے کے لئے ہسپتال کے تمام ملازمین کو ٹریننگ کے بارے میں بھی آگاہ کر دیا گیا اور وزیر صحت نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے انتظامیہ کے اقدامات کو بہت سراہا اور ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے لئے تمام ممبران کا بہت شکریہ ادا کیا کیو نکہ یہ ایک عوامی ہسپتا ل ہے اور ہم جتنا بھی عوام کو بہتر اور اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کرینگے اتنا ہی ہم اپنے ذمہ داریوں کو پورا کر سکے گے۔