ٹی ٹونٹی ورلڈکپ: سکاٹ لینڈ نے پاپوا نیوگنی کو 17 رنز سے ہرا دیا

یہ سکاٹ لینڈ کی مسلسل دوسری کامیابی ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 19 اکتوبر 2021 18:47

ٹی ٹونٹی ورلڈکپ: سکاٹ لینڈ نے پاپوا نیوگنی کو 17 رنز سے ہرا دیا
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 اکتوبر 2021ء ) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے پانچویں میچ میں سکاٹ لینڈ نے پاپوانیوگنی کو 17 رنز سے شکست دے دی۔ الامارات کرکٹ گراؤنڈ مسقط میں کھیلے جارہے اس میچ میں سکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکاٹ لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔

سکاٹش کھلاڑی رچی بیرنگٹن نے 49 گیندوں پر 70 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین میتھیو کراس نے 36 گیندوں پر 45 رنز بنا کر ٹیم کے ٹوٹل میں اپنا بڑا حصہ ڈالا۔ سکاٹ لینڈ کی جانب سے دیگر کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا، پاپوا نیوگنی کی جانب سے کبوا موریا نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ چیڈ سوپر 3 اور سائمن اٹائی نے ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

166 رنز کے تعاقب میں پاپوانیوگنی کی پوری ٹیم آخری اوور میں 148 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ نورمن وانوا47 اور سیز باؤ 22 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ اس کے علاوہ کپتان اسدوالا اور کپلن دوریگا نے 18،18 رنز بنائے۔ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے جوش ڈیوی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ واضح رہے کہ آج کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں بنگلا دیش اور عمان کی ٹیمیں شام 7 بجے مدِ مقابل ہوں گی۔

گزشتہ روز کھیلے گئے میچز میں سری لنکا نے نمیبیا اور آئر لینڈ نے نیدر لینڈز کو باآسانی شکست دی تھی۔ گزشتہ روز کھیلے گئے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 3 وکٹوں سے ہرایا تھا۔ جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 41 رنز سے اور بھارت نے انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے زیر کیا تھا۔