امریکا ، چلتی ٹرین میں خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے والا شخص گرفتار

جمعرات 21 اکتوبر 2021 14:09

امریکا ، چلتی ٹرین میں خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے والا شخص گرفتار
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2021ء) امریکی ریاست پینسلوینیا میں  چلتی  ٹرین میں خاتون سے مبینہ  زیادتی کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ساؤتھ ایسٹرن پینسلوینیا کی ٹرانسپورٹ  اتھارٹی کے  شعبہ سکیورٹی  کےسربراہ  تھامس نیسٹل نےمیڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ  فلاڈیلفیا  شہرمیں ایک شخص 40 منٹ سے زائد وقت تک خاتون کو ہراساں کرتا رہا اوراس دوران چلتی ہوئی ٹرین کے ڈبے میں موجود دیگر افراد خاتون کی مدد کرنے کے بجائے مبینہ طور پر اپنے موبائل فون سے ویڈیوز بناتے رہے۔

انہوں نے بتایا کہ  زیرِ حراست شخص جب خاتون کو ہراساں اور اس سے جنسی زیادتی کر رہا تھا اس دوران ٹرین لگ بھگ 24 سٹیشنز سے گزر ی ،پولیس حکام اس بات پر بھی حیران ہیں کہ اس دوران کسی بھی عینی شاہد نے پولیس کو ہنگامی نمبر پر کال نہیں کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ  متاثرہ خاتون اور حملہ  آور شخص شمالی فلاڈیلفیا میں ایک ہی سٹاپ سے ٹرین میں سوار ہوئے تھے ۔ حکام نے ٹرین کے آخری سٹاپ پر حملہ آور شخص کو اس وقت خاتون سے الگ کر کے حراست میں لیا جب ٹرین کے عملے میں سے کسی نے پولیس کو ہنگامی نمبر پر کال کر کے مطلع کیا۔انہوں نے  بتایا کہ حملہ آور شخص بے گھر فرد کے طور پر رجسٹرڈ ہے  ،اسے آئندہ ہفتے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔