پاک بھارت ٹاکرے میں بابراعظم کا بطور کپتان کردار اہم ترین ہوگا: میتھیو ہیڈن

بابراعظم پر بطور کپتان اور بیٹسمین اضافی دباؤ پڑے گا کیونکہ ہر کوئی ان کی وکٹ حاصل کرنے کا خواہاں ہوگا: بیٹنگ کنسلٹنٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 22 اکتوبر 2021 11:52

پاک بھارت ٹاکرے میں بابراعظم کا بطور کپتان کردار اہم ترین ہوگا: میتھیو ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 اکتوبر 2021ء ) پاکستان کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن کا خیال ہے کہ بابراعظم کی قیادت بھارت اور پاکستان کے درمیان آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے مقابلے کے دوران بہت اہمیت کی حامل ہوگی۔ ورچوئل پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے 49 سالہ میتھیو ہیڈن نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے حالات میں غلطی کا مارجن بہت کم ہوگا۔ ہیڈن نے کہا مجھے لگتا ہے کہ آنے والے میچ میں قیادت کلیدی ہوگی کیونکہ متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز میں غلطی کے لیے بہت کم مارجن ہوگا اور وہاں دوبدو مقابلے کے حالات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بابراعظم پر بطور کپتان اور بیٹسمین اضافی دباؤ پڑے گا کیونکہ انہیں نشانہ بنایا جائے گا اور ہر کوئی ان کی وکٹ حاصل کرنے کا خواہاں ہوگا۔

(جاری ہے)

میتھیو ہیڈن نے کہا کہ بابراعظم کو کپتانی کے ساتھ ساتھ دیگر اہم ذمہ داریاں بھی سرانجام دینی ہیں اور انہیں بیٹنگ سینس اور کپتان کے طور پر اس کردار کو پورا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایشز کے ساتھ موازنہ کرتے ہوئے بھارت پاکستان میچ کی اہمیت کے بارے میں بھی بات کی۔

ہیڈن نے کہا کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ایشز کرکٹ کا سب سے بڑا کھیل ہے لیکن ہندوستان اور پاکستان کی دشمنی سب سے بڑی ہے جس کے بارے میں میں جانتا ہوں اور دونوں پر واضح دباؤ پڑے گا لیکن دباؤ کو محنت اور تجربے سے زائل بھی کیا جا سکتا ہے، پاک بھارت مقابلہ ایک تاریخ ساز موقع ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان 24 اکتوبر کو دبئی میں بھارت کا سامنا کرے گا۔