بی جے پی نفرت کو ایک ہتھیار کے طورپر استعمال کر رہی ہے، فاروق عبداللہ

جمعہ 22 اکتوبر 2021 11:58

بی جے پی نفرت کو ایک ہتھیار کے طورپر استعمال کر رہی ہے، فاروق عبداللہ
جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2021ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرتسلط جموں و کشمیرمیں نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بھارتیہ جنتاپارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ بی جے پی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے بھارت میں نفرت کو ایک ہتھیار کے طورپر استعمال کررہی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے جموں میں پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی آئندہ سال اترپردیش میں ہونے والے انتخابات میں کامیابی کیلئے نفرت پھیلا رہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں فرقہ پرستی کو ہودا دینے کی کوششیں کی جارہی ہیں اورانہوں نے لوگوں پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ علاقے کو بی جے پی سے بچانے کیلئے متحد ہو کر فرقہ پرستی کو شکست دیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے خبردار کیاکہ اگر نفرت اسی طرح بڑھتی گئی تو بھارت ٹکرے ٹکرے ہوجائے گا۔ فاروق عبداللہ نے کہاکہ بھارت میں ہونے والے ہر الیکشن میں ملک کو ہندو مسلم کے نام پر توڑ کر کامیابی حاصل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہے، تاہم سیاسی پارٹیوں کو چاہیے کہ وہ نفرت پھیلا کر کامیابی حاصل کرنے کے بجائے عوامی مسائل اور تعمیر و ترقی کے نام پر انتخابات میں حصہ لیں ۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں فرقہ واریت سے لڑنا ہو گااور ہندوئوں اور مسلمانوں کے درمیان نفرت کی دیوار کو گرانا ہو گا ۔انہوں نے کہاکہ آزادی کے بعد سے بھارت میں انتخابات میں کامیابی کیلئے نفرت کو ایک ہتھیار کے طورپر استعمال کیاگیا ہے ۔ فاروق عبداللہ نے مزید کہاکہ بی جے پی اتر پردیش کے انتخابات میں کامیابی کیلئے نفرت اور فرقہ واریت کی سیاست کر رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی آج یوپی کے انتخابات میں کامیابی کیلئے جموں میں بھی نفرت پھیلا رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے ایک الیکشن بالاکوٹ پر نام نہاد حملے کے نام پر لڑا ، تاہم ایسی انتخابی کامیابیوں سے کچھ حاصل ہونے والا نہیں ۔