قطر ؛ کمپنیوں پر غیر ملکیوں اور ان کے خاندان کیلئے ہیلتھ انشورنس کوریج فراہم کرنا لازمی قرار

امیرقطر کی جانب سے جاری کردہ نئے قانون کے تحت اب ملازمت فراہم کرنے والے اداروں کو غیر ملکی ملازمین اور ان کے خاندان کے لیے ہیلتھ انشورنس کوریج فراہم کرنے کی ضرورت ہوگی

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 22 اکتوبر 2021 14:35

قطر ؛ کمپنیوں پر غیر ملکیوں اور ان کے خاندان کیلئے ہیلتھ انشورنس کوریج ..
دوحہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 22 اکتوبر 2021ء ) قطر میں کمپنیوں پر غیر ملکیوں اور ان کے خاندانوں کیلئے ہیلتھ انشورنس کوریج فراہم کرنا لازمی قرار دے دی گئی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک سینئر قطری عہدیدار نے بتایا ہے کہ امیرقطر کی جانب سے رواں ہفتے جاری کردہ ایک نئے قانون کے تحت اب ملازمت فراہم کرنے والے اداروں کو غیر ملکی ملازمین اور ان کے خاندان کے لیے ہیلتھ انشورنس کوریج فراہم کرنے کی ضرورت ہوگی جب کہ فی الحال ملک میں مقیم غیر ملکی باشندے اور سیاح سرکاری ہیلتھ کارڈ کے لیے برائے نام فیس ادا کرکے بنیادی صحت عامہ کی دیکھ بھال تک مفت رسائی حاصل کر سکتے ہیں اور آجر اضافی نجی ہیلتھ انشورنس فراہم کرنے کے پابند نہیں ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ یہ قانون بدھ کو سرکاری خبر رساں ایجنسی QNA پر جاری کیا گیا تھا ، نیا قانون سرکاری گزٹ میں شائع ہونے کے 6 ماہ بعد نافذ العمل ہے تاہم اس اقدام کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ، یہ قانون قطر میں آنے والے تمام سیاحوں سے یہ بھی چاہتا ہے کہ وہ ایک صحت انشورنس پلان خریدیں جو کہ ملک میں رہتے ہوئے ان کا احاطہ کرے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ خلیجی ریاست قطر رقبے اور آبادی کے اعتبار سے ایک ننھی مُنی سی ریاست قرار دی جا سکتی ہے ، مگرمعدنی وسائل اور امارت کے لحاظ سے اس کا شمار دُنیا کی امیر ترین ریاستوں میں ہوتا ہے ، اس کا ایک ثبوت اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ پچھلے چند سالوں میں ہمسایہ خلیجی ممالک نے کچھ تنازعات کی بناء پر قطر کا مکمل بائیکاٹ کر رکھا تھا، اس کے باوجود قطر کے معاشی حالات پر کوئی بُرا اثر نہیں پڑا اور اس کی آمدنی اور معاشی ترقی کی رفتار قائم رہی ہے۔

ایک امریکی جریدے گلوبل فنانس میگزین نے اپنی ایک تازہ ترین رپورٹ میں قطر کو خلیجی خطے میں سب سے امیر ترین ملک قرار دیا ، گلوبل فنانس میگزین کی شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا کہ فی کس آمدنی کے اعتبار سے قطر تمام خلیجی ممالک میں پہلے نمبر پر ہے، جبکہ دُنیا میں اس کا چوتھا نمبر ہے ، جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس ریاست میں خوشحالی اور دولت کی ریل پیل ہے۔

متعلقہ عنوان :