متحدہ عرب امارات میں ٹریفک قوانین میں مزید سختی سے متعلق خبردار کردیا گیا

آئندہ سرخ سگنل کی خلاف ورزی پرگاڑی ضبط ‘ 51 ہزار درہم اور 12 ٹریفک پوائنٹس جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ابوظہبی پولیس نے تنبیہ کردی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 24 اکتوبر 2021 12:03

متحدہ عرب امارات میں ٹریفک قوانین میں مزید سختی سے متعلق خبردار کردیا ..
ابو ظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 اکتوبر 2021ء ) متحدہ عرب امارات میں ٹریفک قوانین میں مزید سختی سے متعلق خبردار کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ابوظہبی پولیس کی جانب سے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ابوظہبی میں اب سے سرخ سگنل کی خلاف ورزی پرگاڑی ضبط اور بھاری جرمانے کا سامنا ہو سکتا ہے ، اس جرم کے مرتکب شخص کا ڈرائیونگ لائسنس 6 ماہ معطل رہے گا اور عائد شدہ جرمانہ یک مُشت تین ماہ کے اندر جمع کرانا ہوگا ، جرمانے کی ادائیگی میں ناکامی کی صورت میں ضبط شدہ گاڑی نیلام کر دی جائے گی اس لیے ڈرائیوروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی سے گریز کریں اور ڈرائیونگ کے دوران سڑک پر توجہ مرکوز رکھیں ، ورنہ انہیں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا ، جہاں ٹریفک سگنل کی خلاف وزری پر مجموعی طور پر 51 ہزار درہم اور 12 ٹریفک پوائنٹس کا جرمانہ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں امارات کی سرکاری خبر رساں ادارے نے ابوظہبی پولیس کا حوالے دیتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑیوں کی ضبطی سے متعلق قانون نمبر 5 برائے 2020ء کے تحت ایسی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو ایک ہزار درہم جرمانہ اور 12 بلیک پوائنٹس جاری کیے جائیں گے ، اس قانون کے تحت جو کار سوار سرخ سگنل کی خلاف ورزی کریں گے ان کی گاڑی 30 دن کے لیے ضبط کر لی جائے گی اور انہیں گاڑی واپس حاصل کرنے کے لیے 50 ہزار درہم فیس ادا کرنا ہوگی۔

دوسری طرف متحدہ عرب امارات میں ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے والے ڈرائیوروں کو انعامات ملیں گے ، ابوظہبی پولیس ہیپی نس پٹرول نے ایکسپو 2020 دبئی سرگرمیوں کے دوران ٹریفک قوانین اور قواعد و ضوابط کی پابندی کرنے والوں کو ایکسپو پاسپورٹ اور تحائف تقسیم کرنے کے لیے مہم شروع کردی ، یہ اقدام ڈرائیوروں اور معاشرے کے مختلف گروہوں میں مثبت پیغام پھیلانے ، انہیں ٹریفک قوانین کی پاسداری کی ترغیب دینے اور جرمانے کی بجائے انعامات کے خیال کو مستحکم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے ۔

تحائف کی تقسیم کے دوران ہیپی نس پٹرول کے افسران نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے کے مختلف طبقات کے درمیان ٹریفک کلچر کو بڑھانے کے لیے بہترین نظام اور طریقہ کار اپنائے جائیں جو ابو ظہبی پولیس کے مختلف پروگراموں کے ذریعے سڑکوں کی حفاظت کو فروغ دیتا ہے تاکہ جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے ، افسران نے گاڑی سواروں پر زور دیا کہ وہ ہمیشہ سڑکوں پر اپنی حفاظت اور دیگر سڑک استعمال کرنے والوں کی حفاظت کے لیے محفوظ طریقے سے گاڑی چلائیں۔