ائیرپورٹس پر پروازوں سے پرندے ٹکرانے کی بڑی وجہ سامنے آ گئی

پروازوں سے پرندے ٹکرانے کی بڑی وجہ صدقے کا گوشت ہے جو لوگ گھروں کی چھتوں پر ڈال دیتے ہیں

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 28 اکتوبر 2021 15:25

ائیرپورٹس پر پروازوں سے پرندے ٹکرانے کی بڑی وجہ سامنے آ گئی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28اکتوبر 2021ء) ائیرپورٹس پر پروازوں سے پرندے ٹکرانے کی بڑی وجہ سامنے آ گئی۔جیو ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ملک کے مختلف ائیرپورٹس کے قریب پرندے ٹکرانے کی بڑی وجہ صدقے کا گوشت ہے جو لوگ گھروں کی چھتوں پر ڈال دیتے ہیں۔ہوائی اڈوں کے قریب پرندوں کی بڑھتی آبادی کی بڑی وجہ بعض قریبی رہائشیوں کی جانب سے صدقے کا گوشت چھتوں پر رکھنا ہے۔

ارد گرد شادی ہالز کی بھرمار کے باعث بھی پرندوں نے وہاں مستقل ٹھکانے بنا لیے ہیں جب کہ ائیرپورٹ انتظامیہ محض عید الا ضحیٰ پر آلائشیں تلف کرنے کے لیے مہم چلاتی ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ لاہور ائیرپورٹ کے قریب بھی ایک گھر کی چھت پر صدقے کا گوشت رکھا جاتا ہے۔قریبی رہائشیوں نے کئی مرتبہ شکایات کی لیکن پولیس اور ہاؤسنگ سوسائٹی انتظامیہ کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

(جاری ہے)

جب کہ سول ایوی ایش اتھارٹی کا کہنا ہے ائیرپورٹ پر برڈ شوٹرز کے علاوہ بلارے کا بھی بندوبست ہے اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کو بھی مطلع کیا جاتا ہے۔ رواں ماہ اکتوبر میں ملک بھر کے مختلف ہوائی اڈوں پر طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کے 60 واقعات رونما ہوئے جس سے مختلف فضائی کمپنیوں کے طیاروں کو شدید نقصان پہنچا اور کمپنیوں کو طیاروں کی بحالی کی مد میں کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ میں ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر رونما ہونے والے اس قسم کے واقعات میں سے 21 واقعات کا تعلق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ہوائی اڈوں سے پرندوں کو ختم کرنے کی ذمہ داری سول ایوی ایشن کی ہے اور سول ایوی ایشن نے اس مقصد کے لئے ماہر شوٹرز بھرتی کر رکھے ہیں۔ مگر شوٹرز کی تعداد میں کمی کے باعث پرنوں کاطیاروں سے ٹکرانے کے واقعات معمول بن چکے ہیں۔