اگلے ہفتے ہرنائی میں احساس امدادی نقد رقم کی تقسیم کے لیے تمام تیاریاں مکمل:ڈاکٹر ثانیہ نشتر

جمعرات 28 اکتوبر 2021 22:40

اگلے ہفتے ہرنائی میں احساس امدادی نقد رقم کی تقسیم کے لیے تمام تیاریاں ..
اسلام آباد/ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2021ء) احساس ہرنائی میں زلزلے سے متاثرہ تمام خاندانوں کو فوری امداد کے طور پر 12,000 روپے نقد امداد کی تقسیم کے لیے تیار ہے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پریس میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آئندہ ہفتے بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں احساس ریلیف کیش کی تقسیم کے لیے تمام ضروری تیاریاں مکمل ہیں۔

خاندانوں کو ادائیگیاں بائیو میٹرک طور پر فعال احساس ادائیگی کے نظام کے ذریعے کی جائیں گی۔ نقد رقم کی تقسیم کے لیے ضلع بھر میں خصوصی ادائیگی مراکز بھی قائم کئے جارہے ہیں۔ڈاکٹر ثانیہ نے چیف سیکرٹری بلوچستان، مسلح افواج، دیگر اسٹیک ہولڈرز اور بلوچستان میں احساس ٹیم کی طرف سے احساس کیش کی تقسیم کے انتظامات کو بہتر کرنے کے لیے انکے تعاون کی بھی تعریف کی۔

(جاری ہے)

زلزلے کے فوراً بعد ڈاکٹر ثانیہ نے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی حکومت کی جانب سے درکار امداد کی سطح کا اندازہ لگانے کے لیے ہرنائی کا دورہ کیا۔ دورے اور اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتوں کے بعد، انہوں نے وزیر اعظم کی منظوری کے بعد ہرنائی کے تمام خاندانوں کے لیے وفاقی حکومت کے امدادی پیکج کا اعلان بھی کیا تھا۔احساس کی شاک ریسپانسیو رجسٹری کے تحت، ہرنائی کے متاثرہ علاقوں میں احساس کے تحت گھرانوں کی رجسٹریشن کے لیے رجسٹریشن ڈیسک بھی کھول دیئے گئے ہیں۔