ن لیگ پر پابندی بھی لگ سکتی ہے

فرضی ناموں پر کروڑوں روپے کی رقم (ن )لیگ کے پارٹی اکاؤنٹس میں جمع کی گئی،غیر قانونی فارن فنڈنگ ثابت ہوئی تو ن لیگ پر پابندی لگ سکتی ہے۔ وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 29 اکتوبر 2021 11:24

ن لیگ پر پابندی بھی لگ سکتی ہے
اسلام آبا د (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اکتوبر2021ء) وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ غیر قانونی فارن فنڈنگ ثابت ہوئی تو ن لیگ پر پابندی لگ سکتی ہے۔ سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ این این آئی کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، گزشتہ چار روز سے پیپلز پار ٹی اور ن لیگ کے اکانٹس کو دیکھ رہے ہیں، تین سال میں ن لیگ کے پارٹی اکاؤنٹس میں45 کروڑ روپے آئے، ن لیگ کے پارٹی اکاؤنٹس میں کئی مشکوک نام پائے گئے، فرضی ناموں پر کروڑوں روپے کی رقم ن لیگ کی پارٹی اکانٹس میں جمع کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ فرضی ناموں کے ساتھ فنڈز ٹرانسفر کی رسیدیں موجود نہیں ،ن لیگ پارٹی اکاؤنٹس میں جمع کرائے گئے فنڈز کی رسیدیں سامنے نہیں لا سکی۔

(جاری ہے)

فرخ حبیب نے کہا کہ نوازشریف توشہ خانہ کی بی ایم ڈبلیو گھر لے گئے، نواز شریف اپنی ہی پارٹی کے 4.5 کروڑ روپے ذاتی استعمال کے لئے لے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ن لیگ کے پارٹی اکانٹس پر مالیاتی ماہرین کے اعتراضات الیکشن کمیشن میں جمع کرا دئیے ، پیپلز پارٹی کے اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال بھی کرنی ہے انہیں بھی حساب دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی فارن فنڈنگ ثابت ہوئی تو ن لیگ پر پابندی لگ سکتی ہے،رسیدیں نہ دینے پر یہ ہمارے شک کو یقین میں بدل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالتؐ کے معاملے کو وزیراعظم نے دنیا بھر میں اجاگر کیا، اگر کوئی بیرون ملک ہماری دل آزاری کرتاہے تو کیا اپنے لوگوں کو مارنا جائز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں پر کالعدم تنظیم کے کارکنوں نے براہ راست فائرنگ کی۔