Live Updates

سندھ میں تبدیلی کا ماحول تیار ہے،عوام صوبائی حکومت کی بیڈ گورننس،کرپشن اور انتقامی کارروائیوں سے عاجز آچکی ہے ،شاہ محمود قریشی

سندھ میں اپوزیشن کو سخت ناموافق حالات کا سامنا ہے اور سخت دبائو کے باوجود وہ اپنی نمائندگی کا حق ادا کر رہی ہے، کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے تمام شہری علاقوں میں آبادی کا ایک بڑا حصہ پی پی سے نظریاتی اور ذہنی مطابقت نہیں رکھتا اور متبادل قیادت کی تلاش میں ہے،پریس کانفرنس

ہفتہ 6 نومبر 2021 00:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 نومبر2021ء) و زیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ سندھ میں تبدیلی کا ماحول تیار ہے،عوام صوبائی حکومت کی بیڈ گورننس،کرپشن اور انتقامی کارروائیوں سے عاجز آچکی ہے ،عوام متبادل قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں پی ٹی آئی کے ذمہ داران سندھ میں موجود مواقع اور درست منصوبہ بندی کے ذریعے یہاں پر بھی تبدیلی لاسکتے ہیں، سندھ بالخصوص کراچی میں پی ٹی آئی نے گزشتہ انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کی۔

عمران خان کی شخصیت کی کشش اور ان کی جانب سے کراچی کے سہمے ہوئے شہریوں کو حوصلہ دینے کے اثرات 2018 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی کی صورت میں سامنے آئے عمران خان سندھ کو بھی اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں یہاں کے عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالا ت کا اظہا رانہوں نے گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ سندھ میں اپوزیشن کو سخت ناموافق حالات کا سامنا ہے اور سخت دبائو کے باوجود وہ اپنی نمائندگی کا حق ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے تمام شہری علاقوں میں آبادی کا ایک بڑا حصہ پی پی سے نظریاتی اور ذہنی مطابقت نہیں رکھتا اور متبادل قیادت کی تلاش میں ہے۔ انہوں نے کہا سندھ میں گورننس کا فقدان ہے گزشتہ طویل عرصہ سے حکومت ہے اور انہیں بھرپور مواقع ملے لیکن انہوں نے عوام کو مایوس کیا۔

سندھ کے دیہی علاقوں میں متبادل قیادت پیش کی گئی۔ تو ایک بہت بڑا طبقہ ہمارے ساتھ جڑنے کے لئے تیار ہے۔ عمرکوٹ اور مٹھی کے حالیہ جلسے اور ان میں عوام کی پھرپور شمولیت یہ ظاہر کرتی ہے کہ عوام پی ٹی آئی کی طرف دیکھ رہے ہیں اور تبدیلی چاہتے ہیں انہوں نے کہا خیبرپختون خواہ میں بھی عوام نے عمران خان کے اصولی موقف کو درست تسلیم کیا۔جہاں پر دوسری بار پی ٹی آئی کو حکومت ملی۔

پنجاب میں پی ٹی آئی متبادل قیادت کے طور پر ابھری کر سامنے آئی۔جبکہ جنوبی پنجاب جسے پی پی کا گڑھ سمجھتا جاتا تھا وہاں سے بھی پی ٹی آئی نے کامیاب حاصل کی۔پی ٹی آئی اب سندھ میں بھی داخل ہو چکی ہے۔اور 2023 کے انتخابات میں سندھ میں بھی پی ٹی آئی کو واضح اکثریت ملے گی۔ پی ٹی آئی اپ سندھ میں بھی موجود ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ منظم ہو کرعوام سے جڑی رہے۔

انہوں نے کہا سندھ میں پی ٹی آئی کے حامیوں کو انتقامی کاررائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے عوام ان کے مظالم سے تنگ آچکی ہے۔ انہوں نے حلیم عادل شیخ اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا آپ ہراول دستے کا کردار کر رہے ہیں اور سخت حالات میں بھی امید کا دیا روشن رکھا ہوا ہے ارباب رحیم غوث علی شاہ اور مظفر علی شاہ پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں جبکہ سندھ سے دیگراہم شخصیات کی پی ٹی آئی میں شمولیت متوقع ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سندھ اسمبلی میں قائمہ کمیٹیوں اور پبلک اکانٹس کمیٹی و دیگر پارلیمانی فورمز پر حزب اختلاف کو نمائندگی نہ دیئے جانے کو جمہوری روایات کی نفی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی پی اور ن لیگ کے دوران میثاق جمہوریت میں طے ہوا تھا کہ پبلک اکانٹس کمیٹی کا سربراہ لیڈر آف اپوزیشن ہوگا شہباز شریف اور ان کے بعد رانا تنویر اس عہدے پر فائز رہے۔

کی پی کے اور بلوچستان میں بھی یہی ایسا ہوا ہے۔ جمہوریت کا درس دینے والوں پر لازم ہے کہ قائدہ پڑھانے سے پہلے خود قائدہ پڑھیں اور اس پر عمل کریں انہوں نے سندھ کے قائد ایوان سے مطالبہ کیا کہ جمہوری آئینی و پارلیمانی روایات کو سامنے رکھتے ہوئے حزب اختلاف کو قائمہ کمیٹیوں مناسب نمائندگی دی جائے اور پبلک اکائنٹس کمیٹی کی سربراہی بھی قائد حزب اختلاف کو دی جائے۔

انہوں نے یقین دھانی کرائی کہ وفاقی سطح پر اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ ایسا معاملہ اپنائیں گے۔ اس موقعہ پر قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی و مخدومزادہ زین حسین قریشی کو اسمبلی آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں مخدوم صاحب کا سندھ کے لوگوں کے ساتھ سیاسی و روحانی تعلق ہے اورسندھ کے عوام انہیں عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

اس موقعہ پر پی ٹی آئی کے ایم این اے ج پرکاش لوھانہ، اراکین سندھ اسمبلی فردوش شمیم نقوی، خرم شیر زمان، پارلیمانی لیڈر بلاول غفار، جمال صدیقی، ڈاکٹر سعید آفریدی، ملک شہزاد اعوان، ارسلان تاج، صدرہ عمران، ادیبا پی ٹی آئی رہنما حاجی مظفر شجراع سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سندھ اسمبلی میں پہنچے جہاں قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی و پی ٹی آئی اراکین سندھ اسمبلی نے والہانہ خیر مقدم کیا۔اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اراکین سندھ اسمبلی سے پارٹی امور اور سندھ کی صوبائی سیاست پر گفتگو کی۔ بعد ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سندھ اسمبلی کے ہال کا مختلف حصوں کا معائنہ کیا
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات