عوام سے پی ڈی ایم کے زیر اہتمام آج ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں مہنگائی کیخلاف احتجاجی ریلی/مارچ میں شرکت کی اپیل

بدھ 17 نومبر 2021 00:41

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 نومبر2021ء) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے تمام عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پی ڈی ایم کے زیر اہتمام آج بروز بدھ دوپہر 12بجے ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ سے برآمد ہونیوالے مہنگائی کیخلاف احتجاجی ریلی/مارچ میں شرکت کریں ۔اس ریلی میں پی ڈی ایم کے سربراہ اور جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمن ، مسلم لیگ ن کے صدر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمد شہباز شریف ، بی این پی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل، نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ علامہ پروفیسر سنیٹر ساجد میر ، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پائو، جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ علامہ اویس احمد نورانی شرکت کرینگے۔

مارچ ایو ب اسٹیڈیم کوئٹہ سے شروع ہوگا اور گورنر ہائوس روڈ سے ہوتے ہوئے صوبائی اسمبلی چوک تا جناح روڈ ، منان چوک تا امداد وچوک اور پھر ہاکی گرائونڈ پر جلسہ عام میں تبدیل ہوگا۔

(جاری ہے)

جس سے پی ڈی ایم کے قائدین خطاب فرمائینگے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کی احتجاجی تحریک غریب عوام کو بدترین مہنگائی اور بیروزگاری سے نجات دلانا ہے حکمرانوں نے پیٹرولیم مصنوعات ، گیس ، بجلی ادوئیات ، خوردنی اشیاء سمیت ہر چیز کی قیمتوں بے تحاشا اضافہ کرکے ملک میںبیروزگاری ، لاقانونیت ، بدامنی ، انارکی اور ہر شعبہ زندگی کو تباہی سے دوچار کردیا ہے۔

اس نااہل مسلط ناکام سلیکٹڈ حکومت اور ان کے باعث درپیش ملکی بحرانوںسے نجات کیلئے آزادانہ صاف شفاف انتخابات کا فوری انعقاد ضروری ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے بالخصوص کوئٹہ شہر میں امن وامان ک دگرگوں صورتحال ،قتل وغارت ،اغواء برائے تاوان ، چوری ڈکیتی اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے تلاشی کے نام پر عوام کی تذلیل کی ناقابل برداشت ہوچکی ہے ۔ ملک کے باڈرزبالخصوص طورخم ، چمن ، غلام خان ، بادینی، تفتان پر تجارت کی بندش کے باعث صوبے کے عوام کا معاشی قتل عام جاری ہے ۔ بیان میں کوئٹہ کے غیور عوام ، تاجر برداری ، سول سوسائٹی سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے مہنگائی کے خلاف آج کے عظیم الشان ریلی/مارچ میںشرکت کی اپیل کی گئی ہے