ایف 16 طیارہ گرانے کا بھارتی دعویٰ بے بنیاد، من گھڑت ہے، عاصم افتخار

بھارتی پائلٹ کو اعزاز سے نوازنا فوجی اصولوں اور اقدار کے منافی ہے،شکست خوردہ بھارتی پائلٹ کو اعزاز سے نوازنا اپنا مذاق اڑانے کے مترادف ہے، ترجمان دفتر خارجہ

منگل 23 نومبر 2021 23:19

ایف 16 طیارہ گرانے کا بھارتی دعویٰ بے بنیاد، من گھڑت ہے، عاصم افتخار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 نومبر2021ء) پاکستان نے بھارت کے فروری 2019 کے ایف سولہ گرانے سے متعلق دعوے کو پھر مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ ایف 16 طیارہ گرانے کا بھارتی دعویٰ بیبنیاد، من گھڑت ہے، ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی پائلٹ کی گرفتاری سے پہلے ایف 16جہاز گرانے کا بھارتی دعویٰ جھوٹا ہے، ابھینندن کو ایوارڈ دینے کا مقصد بھارتی عوام کی اصل حقائق سے توجہ ہٹانا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی پائلٹ کو ایوارڈ دینا اپنی عوام کو خوش کرنا اور خفت مٹانا ہے۔عاصم افتخار نے کہا کہ پاک فضائیہ نے 27 فروری 2019 کو 2 بھارتی جہازوں کو دن میں مار گرایا تھا، ایک بھارتی مگ21 طیارہ آزاد جموں و کشمیر کی حدود میں تباہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تباہ شدہ بھارتی طیارے کے پائلٹ کو پاکستان نے پکڑا، پھر جذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کیا، پائلٹ کو واپس بھیجنا دلیل ہے کہ بھارتی ہٹ دھرمی کے باوجود پاکستان امن کا خواہاں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی ماہرین، امریکی حکام نے تصدیق کی کہ اس دن پاکستان کا کوئی ایف سولہ طیارہ نہیں گرا، بین الاقوامی اور امریکی ماہرین نے ایف 16 طیاروں کے اسٹاک کا بغور جائزہ لیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی پائلٹ کو اعزاز سے نوازنا فوجی اصولوں اور اقدار کے منافی ہے،شکست خوردہ بھارتی پائلٹ کو اعزاز سے نوازنا اپنا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔