نئی نسل کا کرپشن کے خلاف جذ بہ قابل قدر ہے،

نیب نئی نسل کی صحیح خطوط پر تربیت کے لئے پر عزم ہے،ڈائریکٹر نیب بلوچستان کا یونیورسٹی طلبہ کے درمیان مقابلوں کی تقریب سےخطاب

بدھ 24 نومبر 2021 16:00

نئی نسل کا کرپشن کے خلاف جذ بہ قابل قدر ہے،
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2021ء) قومی احتساب بیورو بلوچستان کے زیر اہتمام بلوچستان کی 11جامعات بشمول بلوچستان یونیورسٹی ، الحمد اسلامک یونیورسٹی ، بیوٹمز یونیورسٹی ، نمل یونیورسٹی ، ایس بی کے و یمن یونیورسٹی ،نسٹ یونیورسٹی ، خضدار یونیورسٹی ، لسبیلہ یونیورسٹی ، لورالائی یونیورسٹی، تربت یونیورسٹی اور میر چاکرخان سبی یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کے مابین کانٹے دار مقابلے کا حتمی مرحلہ اختتام پذیر ہوگیا ہے ۔

نیب کی جانب سے  کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف شعور و آگہی مہم کے سلسلے میں ترتیب دیئے گئے تقریر ، تحریر ، پوسٹر ، پینٹنگ اور خطاطی کے مقابلوں میں مجموعی طور پر بلوچستان یونیورسٹی کے طلباءوطالبات چار پوزیشنز کے ساتھ فاتح قرار پائے ،تین پوزیشنز کے ساتھ بیوٹمزاور سردار بہادر خان و یمن یونیورسٹی دوسرے نمبر پر رہی جبکہ دو پوزیشنز کے ساتھ میر چاکر خان سبی یونیورسٹی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

بین الجامعات مقابلوں میں بلوچستان کے دور دراز علاقوں کی جامعات سمیت صوبے بھر کی تمام یونیورسٹیز کے سینکڑوں طلبا و طالبات نے بھرپور حصہ لیا ۔ وائس چانسلر بیوٹمز انجنیئر یونیورسٹی فاروق احمد بازئی ، وائس چانسلر سردار بہادر خان و یمن یونیورسٹی ڈائریکٹر ناہید حق ، وائس چانسلر الحمد اسلامک یونیورسٹی عروہ جاوید اورریجنل ڈائریکٹر نمل کرنل ریٹائرڈ نثار احمد نے مقابلوں کی اختتامی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔

ڈائریکٹر قومی احتساب بیورو بلوچستان نے بلوچستان کی جامعات کے مابین ہونے والے تقریر ، تحریر ، پوسٹر سازی پینٹنگ اور خطاطی کے مقابلوں کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی نسل کا کرپشن کے خلاف جذ بہ قابل قدر ہے، انھوں نے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بچوں کو ملک کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیب نئی نسل کی صحیح خطوط پر تربیت کے لئے پر عزم ہے، اس سلسلے میں نیب کا شعور و آگہی ونگ تندہی سے اپنی ذمہ داریاں نبھارہا ہے۔

انھوں نے واضح کیا کہ بدعنوانی کے خاتمے اور روک تھام کے لئے شعور وفکری تبدیلی مہم کے ساتھ ساتھ کرپٹ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے بھی ا قدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی سربراہی میں بلا امتیاز اور بے لاگ احتساب جاری رہے گا۔