عدالتی ہفتہ ،سپریم کورٹ میں برطرف ملازمین کیس ،25ویں آئینی ترمیم ، علی وزیر ضمانت سمیت اہم مقدمات کی سماعت ہوگی

اتوار 28 نومبر 2021 14:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2021ء) سپریم کورٹ آف پاکستان میں (آج)پیر سے شروع ہونے والے ہفتے کے دور ان برطرف ملازمین کیس ،25ویں آئینی ترمیم ، علی وزیر ضمانت سمیت اہم مقدمات کی سماعت ہوگی ۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پیر سے شرو ع ہونے والے ہفتے کے دور ان مختلف مقدمات کی سماعت ہوگی ۔کاز لسٹ کے مطابق بینچ نمبر ایک چیف جسٹس گلزار احمد ، جسٹس مظہر میاں خیل ، جسٹس محمد علی مظہر ، بینچ نمبر دو جسٹس عمر عطاء بندیال ، جسٹس سجاد علی شاہ ، جسٹس منصور علی شاہ ، بینچ نمبر تین جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ، جسٹس یحییٰ آفریدی ، بینچ نمبر چار جسٹس مقبول باقر ، جسٹس قاضی محمد امین ، بینچ نمبر پانچ جسٹس سر دار طارق مسعود ، جسٹس امین الدین خان ، جسٹس جمال خان مندوخیل اور بینچ نمبر چھ جسٹس اعجاز لااحسن ، جسٹس منیب اختر ، جسٹس مظہر علی نقوی پر مشتمل ہوگا ۔

(جاری ہے)

اہم مقدمات میں سی کڈ ایمپلائز ایکٹ کیس29نومبر کو سپریم کورٹ کا پانچ رکنی لارجر بینچ دن ایک بجے سماعت کریگا جبکہ ریگو لر بینچ میں ایم این اے علی وزیر ضمانت کیس ، خیبر پختون خوا کی جانب سے اراکین اسمبلی کو فنڈکی فراہمی کیس اور سپیکر سند ھ اسمبلی آغا سراج درانی ضمانت کیس شامل ہیں ۔سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے درخواست ضمانت مسترد کیے جانے کے فیصلے کیخلاف پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی سپریم کورٹ میں دائر درخواست پر (آج)پیر کوجسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس سید منصور علی شاہ پر مشتمل سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔

خیبرپختونخوا میں ارکان صوبائی اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز کے اجرا کے خلاف دائردرخواست پرسماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 3 دسمبر کو سماعت کرے گا۔سپریم کورٹ مسلم لیگ (ن )کے رہنما شیخ روحیل اصغر کی جعلی ڈگری سے متعلق کیس کی سماعت یکم دسمبر کو کرے گی۔جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ یکم دسمبر کو سماعت کرے گا۔

جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس منصور علی شاہ بنچ کا حصہ ہونگے۔خیبرپختونخوا میں ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس سپریم کورٹ میں30 نومبر کو سماعت ہوگی ،چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 30 نومبر کو کیس کی سماعت کریگا ۔سپریم کورٹ میں 25ویں آئینی ترمیم کیخلاف کیس کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کیس کی سماعت30 نومبر کو کریگا ،جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس منصور علی شاہ بنچ میں شامل ہوں گے ۔