ہمارا معاشرہ سیرت النبیﷺ سے دور ہوتا جا رہا ہے ، اسی وجہ سے ہم اپنی قدریں کھو رہے ہیں، ڈاکٹر معصوم یاسین زئی

پیر 29 نومبر 2021 17:32

ہمارا معاشرہ سیرت النبیﷺ سے دور ہوتا جا رہا ہے ، اسی وجہ سے ہم اپنی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2021ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے کہا ہے کہ ہمارا معاشرہ سیرت النبیﷺ سے دور ہوتا جا رہا ہے جس کی وجہ ہم اپنی قدریں کھو رہے ہیں، ہم اختلاف و انتشار سے اس لئے دوچار ہیں کہ ہم ایک دوسرے کو سمجھنے کی کوشش نہیں کرتے۔ ان خیالات کااظہار نہوں نے پیر کو اقبال انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ فار ریسرچ اینڈ ڈائیلاگ اور جامعہ محمدی شریف کی  تین روزہ مشترکہ ورکشاپ بعنوان  علوم اسلامیہ کی تعلیم اور جدید فکری مباحثے کے اختتامی سیشن سےخطاب کرتے ہوئے کیا۔

اختتامی اجلاس کے مہمان خصوصی ریکٹر اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹرمعصوم یاسین زئی تھے۔ اس موقع پرآئی آر ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر حسن الاامین، مشیر تعلیمات وفاقی حکومت ڈاکٹر سعید اللہ، ڈاکٹرفرقان عباس، طہامی بشرعلوی، مزمل حسین اور یونس قاسمی نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

ریکٹر اسلامی یونیورسٹی نے کہا کہ اختلاف و انتشار کو ہمیں ختم کرناچاہیے اور ایک دوسرے کو سمجھنے کے لئے برداشت کا مادہ پیدا کرناہو گا۔

انہو ں نے کہا کہ جامع محمدی شریف اور اس کے بانیان مولانامحمدذاکر اور مولانا رحمت اللہ کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامع محمداور اسلامی یونیورسٹی کے درمیان مشترکہ طور پر مزید سرگرمیوں کا بھی آغاز کیا جائے گا ۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے مابین مفاہمت  کی ایک یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے۔ ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے  اقبال انسٹیٹیوٹ کے سربراہ ڈاکٹر حسن الامین نے کہا کہ اقبال انسٹیٹیوٹ اسلام کی عصری تقاضوں کے مطابق تفہیم و شیریح کا کام کرتا ہے۔

مختلف کانفرنسوں کے علاوہ ادارہ اب تک سینکڑوں کتابیں شائع کر چکا ہے۔ انہوں نے جامعہ محمدی شریف سے ہر طرح کے تعاون کا بھی اعلان کیا۔ جامعہ محمدی شریف کے سربراہ صاحبزادہ قمرالحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ مولانا محمد ذاکر اور مولانا رحمت اللہ کا قائم کردہ یہ ادارہ فرقہ واریت سے بلند ہو کرکام کررہا ہے، یہ ادارہ عصری تقاضوں پر تحقیق کر کے بالکل اسی انداز میں لوگ تیار کر رہا ہے کہ جس کے بغیر ہم زندہ نہیں رہ سکتے۔

متعلقہ عنوان :