مودی حکومت پارلیمنٹ میں بحث سے خوفزدہ ہے ، راہل گاندھی

زرعی قوانین کی منسوخی سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرمایہ دار کسانوں کی طاقت کے سامنے ٹھہر نہیں سکیں

منگل 30 نومبر 2021 13:14

مودی حکومت پارلیمنٹ میں بحث سے خوفزدہ ہے ، راہل گاندھی
نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2021ء) بھارت میں کانگریس کے رہنماء راہل گاندھی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں بحث کے بغیر زرعی قوانین کی منسوخی کیلئے قانون سازی سے ظاہر ہوتا ہے کہ مودی حکومت بحث سے ڈرتی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے پارٹی قائدین کے ساتھ پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی کہاتھا کہ مودی حکومت کو متنازعہ زرعی قوانین منسوخ کر نے پڑیں گے اور حکومت نے ان قوانین کو واپس لے لیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن قوانین کی منسوخی سے متعلق قانون پر بحث چاہتی تھی۔ ہم کسانوں کی شہادت، زرعی قوانین کا جواز، لکھیم پور کھیری میں کسانوں کے قتل اور دیگر موضوعات پر بحث چاہتے تھے۔ تاہم راہل گاندھی نے کہاکہ نریندر مودی جانتے ہیں ان کی حکومت سے غلطی سرزد ہوئی ہے لہذا وہ بحث سے خوفزدہ ہیں۔انہوں نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے متنازعہ قوانین کی منسوخی کے قانون کی منظوری کو کسانوںاور مزدوروںکی جیت قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی قوانین کی منسوخی سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرمایہ دار کسانوں کی طاقت کے سامنے ٹھہر نہیں سکیں۔