عمرہ زائرین اب سعودی عرب میں مزید قیام کر سکیں گے

سعودی حکومت نے غیر ملکی عمرہ زائرین کے مملکت میں قیام کی مدت میں اضافہ کر دیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 2 دسمبر 2021 00:46

عمرہ زائرین اب سعودی عرب میں مزید قیام کر سکیں گے
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم دسمبر 2021ء) عمرہ زائرین اب سعودی عرب میں مزید قیام کر سکیں گے، سعودی حکومت نے غیر ملکی عمرہ زائرین کے مملکت میں قیام کی مدت میں اضافہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے غیر ملکی عمرہ زائرین کو مزید سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت نے مملکت آنے والے غیر ملکی عمرہ زائرین کو مملکت میں 10 کی بجائے 30 دن قیام کی اجازت دے دی ہے۔

کورونا وبا کے باعث سعودی حکومت نے غیر ملکی عمرہ زائرین کو مملکت میں صرف 10 دن قیام کی اجازت دے رکھی تھی، تاہم اب یہ دورانیہ بڑھا کر 30 دن کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سعودی حکومت کی منظورہ شدہ کورونا ویکسین کی دو ڈوز لگوانے والے غیر ملکی عمرہ زائرین کو قرنطینہ کی شرط سے مستثنیٰ قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی حکومت کے اعلامیہ کے مطابق سعودی عرب کی منظورہ شدہ ویکسین کی دو ڈوز لگوانے والے غیر ملکی عمرہ زائرین کو مملکت آمد کے فوری بعد عمرہ ادائیگی کی اجازت ہو گی۔

جبکہ ایسے غیر ملکی زائرین جنہوں نے سعودی عرب کی منظورہ شدہ ویکسین کی بجائے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منظور کی گئی کسی بھی ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگوا رکھی ہو، انہیں سعودی عرب آمد کے بعد 3 روز کا قرنطینہ اختیار کرنا ہو گا۔ واضح رہے کہ سعودی حکومت کچھ روز قبل بھی غیر ملکی عمرہ عازمین پر عائد شرائط میں نرمی کا اعلان کر چکی۔ سعودی حکومت نے دنیا بھر سے عازمین کو سعودی عرب آمد کی اجازت دیتے ہوئے اعلان کیا کہ آئندہ سے 50 سال سے زائد عمر کے غیر ملکی عازمین کو عمرہ ادائیگی اور مسجد نبویﷺ کی زیارت کی اجازت ہو گی۔ تاہم سعودی عرب آنے والے 18 سال سے کم عمر بچوں کو عمرہ ادائیگی کی تاحال اجازت نہیں دی گئی۔