بھارت، دارالحکومت نئی دہلی میں فضائی آلودگی کے باعث ایک بار پھر سکولوں کو بند کرنے کا حکم

جمعرات 2 دسمبر 2021 15:30

بھارت، دارالحکومت  نئی دہلی میں فضائی آلودگی کے باعث ایک بار پھر سکولوں ..
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2021ء) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں فضائی آلودگی کے باعث ایک بار پھر سکولوں کو بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ نے دارالحکومت نئی دہلی میں بدترین فضائی آلودگی  پر شدید برہمی اور اس پر  قابو پانے کے  حکومتی اقدامات پر عدم اطمینان  کا اظہار کیا۔

بھارتی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس این وی رامانا نے کہا کہ دارالحکومت میں فضائی آلودگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے نئی دہلی کی حکومت کی جانب سے سکولوں کو دوبارہ کھولنے کے فیصلے پر بھی شدید غصے  کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تین اور چار سال کے بچے اس صورتحال میں سکول جارہے ہیں اور بڑے گھروں میں بیٹھ کر کام کررہے ہیں۔ عدالت نے نئی دہلی کی حکومت سے سکولوں اور دفاتر سے متعلق  پالیسی   واضح کرنے  کی  ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب عدالت کی برہمی پر نئی دہلی کے وزیر ماحولیات نے جمعہ سے ایک بار پھر سکولوں کو بند کرنے کے احکامات جاری کیے۔ وزیر ماحولیات نے کہا کہ جمعہ سے نئی دہلی میں سکول تاحکم ثانی بند رہیں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی نئی دہلی میں فضائی آلودگی کے باعث سکولوں کو بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔