Live Updates

زمبابوے کرکٹ کے سابق آفیشل فیصل حسنین سی ای او پی سی بی بننے کے مضبوط ترین امیدوار

فیصل حسنین آئی سی سی کے مالیاتی سربراہ کے طور پر کام کر چکے،انہوں نے 2018ء میں زمبابوے کرکٹ میں منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر شمولیت اختیار کی تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 2 دسمبر 2021 16:00

زمبابوے کرکٹ کے سابق آفیشل فیصل حسنین سی ای او پی سی بی بننے کے مضبوط ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 دسمبر 2021ء ) زمبابوے کرکٹ کے سابق آفیشل فیصل حسنین کے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے چیف ایگزیکٹو کا عہدہ سنبھالنے کے سب سے زیادہ امکانات ہیں۔ یہ عہدہ پی سی بی کے سابق سی ای او وسیم خان کے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد خالی پڑا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ حال ہی میں سکروٹنی اور انٹرویو کے عمل سے گزرنے کے بعد اس عہدے کے لیے دو نام فائنل کیے گئے ہیں۔

دو ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور حتمی منظوری کے لیے اعلیٰ حکام کو بھیج دی گئی ہے، فیصل ان امیدواروں میں سے ایک ہے۔ فیصل حسنین انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مالیاتی سربراہ کے طور پر کام کر چکے ہیں اور انہوں نے 2018ء میں زمبابوے کرکٹ میں منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر شمولیت اختیار کی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے 2019ء میں زمبابوے کے ورلڈ کپ 2019ء کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکامی کے باعث اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا تاہم فیصل کو اپنے دور میں زمبابوے میں بہت کم وقت گزارنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

وہ ملک کے لیے ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائرز کی میزبانی کے حقوق حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ فیصل کے بطور ایم ڈی خدمات انجام دینے کے دوران زمبابوے کرکٹ بورڈ کی مالی حالت بہتر نہیں ہوئی۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں اور عملے کے ارکان کو تنخواہیں نہ ملنے اور میچ کی فیس بھی کافی عرصے سے ادا نہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دو حتمی ناموں کو مبینہ طور پر وزیراعظم عمران خان کے دفتر کو بھجوا دیا گیا ہے اور ان میں سے ایک کو پی سی بی کا نیا سی ای او مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات