سعودی عرب میں کورونا کی بوسٹر ڈوز لازمی قرار دے دی گئی

یکم فروری سے 18 برس اور اس سے زائد عمر کے تمام افراد کے لیے بوسٹر ڈوز لگوانا لازمی ہوگا

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعہ 3 دسمبر 2021 21:21

سعودی عرب میں کورونا کی بوسٹر ڈوز لازمی قرار دے دی گئی
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 دسمبر 2021ء) سعودی عرب میں کورونا کی بوسٹر ڈوز لازمی قرار دے دی گئی، یکم فروری سے 18 برس اور اس سے زیادہ عمر کے تمام افراد کے لیے بوسٹر ڈوز لگوانا لازمی ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے کورونا وبا کے دوبارہ پھیلاو کو روکنے کیلئے ویکسی نیشن کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ ویکسین یافتہ افراد ہونے کا اسٹیٹس برقرار رکھنے کے لیے دوسری ڈوز کے بعد کورونا کی بوسٹر ڈوز لینا لازمی ہوگا۔

نئی ہدایات کے مطابق ویکسینیٹڈ افراد کے لیے کورونا کی دوسری ڈوز لینے کے 8 ماہ بعد بوسٹر ڈوز لینا لازمی ہوگا اور یہ کسی بھی فرد کے لیے ویکسین یافتہ فرد ہونے کا اسٹیٹس برقرار رکھنے کے لیے بنیادی شرط ہوگی۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا ہے کہ آئندہ سال یکم فروری سے سعودی عرب میں مقیم ہر وہ شخص جس کی عمر 18 برس سے زائد ہو،اس شخص پر لازم ہو گا کہ وہ کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگوائے۔

بوسٹر ڈوز لازمی لگوانے کے حوالے سے سعودی حکام نے موقف اختیار کیا ہے کہ کورونا ویکسین کی دوسری خوراک لینے کے 6 ماہ بعد خون میں اینٹی باڈیز کم ہوجاتی ہیں لہٰذا دوسری خوراک کے 6 ماہ بعد جتنی جلدی ہو سکے بوسٹر ڈوز لگوا لیں۔ یہاں واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا کی نئی قسم اومیکرون کا کیس سامنے آنے کے بعد سعودی حکام کی جانب سے کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز کے حوالے سے پالیسی کا اعلان کیا گیا ہے۔