پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے متعصبا نہ فیصلوں نے شہری سندھ کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا ، رکن اسمبلی صلاح الدین

پیپلزپارٹی کے بلدیاتی بل 2021 کے کالے قانون کو مسترد کرتے ہیں ، اس سے شہریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جائیگا

اتوار 5 دسمبر 2021 22:40

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2021ء) پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے متعصبا نہ فیصلوں نے شہری سندھ کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا ہے جس کی بدولت عوام میں احساس محرومی بڑھتا جارہاہے، پیپلزپارٹی کے بلدیاتی بل 2021 کے کالے قانون کو مسترد کرتے ہیں ، اس سے شہریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی صلاح الدین نے سٹی ولطیف آباد کی مختلف تاجرانجمنوںاجناس مارکیٹ ایسوسی ایشن حیدرآباد اور انجمن تاجران لطیف آباد نمبر 5کے دکانداروں کے عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ارکان صوبائی اسمبلی راشد خلجی ، ندیم احمد صدیقی، حیدر آبادڈسٹرکٹ کے جوائنٹ آرگنائزر زعمرالوری ، راشد خان و دیگر بھی موجود تھے۔

ایم این اے صلاح الدین نے کہا کہ شہری سندھ کے عوام کے ساتھ حکومت سندھ کا تعصبانہ رویہ ملک کی تعمیر و ترقی کی راہ میں رکاوٹ کا سبب بن گیا ہے، شہری سندھ سے تعلق رکھنے والے پڑھے لکھے نوجوانوں کو سرکارملازمت سے محروم رکھ کر صوبے میں بیروز گاری ،کرپشن ،بدعنوانی کو فروغ دے رہی ہے جو ملک و قوم سے غداری کے مترادف ہے، انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان ان تعصب پرست وڈیرانہ سوچ کو فروغ دینے والے حکمرانوں کو یہ پیغام دے گی کہ اب شہری سندھ کے عوام صوبے میںکرپشن و بدعنوانی کے خاتمے تک اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔

(جاری ہے)

رکن صوبائی اسمبلی راشد خلجی نے کہا کہ شہری سندھ کے عوام کے ساتھ ہونے والے ظلم و زیادتی کے خلاف حق پرست عوام سراپا احتجاج ہوں گے، وقت کا تقاضہ ہے کہ سندھ کے حکمران اپنا قبلہ درست کرلیں اب شہری سندھ کے عوام کسی بھی قسم کا ظلم و ستم برداشت نہیں کریں گے۔رکن صوبائی اسمبلی ندیم احمد صدیقی نے کہا کہ حکومتیں عوام کے ٹیکس اداکئے ہوئے پیسوں سے چلتی ہیں لیکن اقتدار میں آکر تعصبانہ سوچ کے مالک من مانی و متعصبانہ رویوں سے عوام کی خدمت کرنے کی بجائے عوام کواپنا غلام سمجھنے لگتے ہیں۔