متحدہ عرب امارات کی سڑکوں پر بغیر ڈرائیور چلتی ہوئی گاڑیوں کی ویڈیو جاری

ابوظہبی کے محکمہ بلدیات اور ٹرانسپورٹ نے خطے کی پہلی مکمل خود مختار اور ماحول دوست ٹیکسی سروس شروع کردی‘ پہلے مرحلے میں یاس آئی لینڈ پر پانچ TXAI برانڈڈ گاڑیاں چلتی نظر آئیں گی

Sajid Ali ساجد علی پیر 6 دسمبر 2021 14:31

متحدہ عرب امارات کی سڑکوں پر بغیر ڈرائیور چلتی ہوئی گاڑیوں کی ویڈیو ..
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 دسمبر 2021ء )  متحدہ عرب امارات کی سڑکوں پر بغیر ڈرائیور چلتی ہوئی گاڑیوں کی ویڈیو جاری کردی گئی ، ابوظہبی کے محکمہ بلدیات اور ٹرانسپورٹ نے خطے کی پہلی مکمل خود مختار اور ماحول دوست ٹیکسی سروس شروع کی ہے‘ پہلے مرحلے میں یاس آئی لینڈ پر پانچ TXAI برانڈڈ گاڑیاں چلتی نظر آئیں گی۔ اماراتی میڈیا کے مطابق Txai نئی ٹیکنالوجی کا پائلٹ پروجیکٹ ہے ، جس کو 23 نومبر کو ابوظہبی اسمارٹ سٹی سمٹ میں شروع کیا گیا ، جس کی آزمائش ابوظہبی کے یاس آئی لینڈ سے شروع ہوئی ، اس ضمن میں حکام کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک نئی ویڈیو میں ٹیکسیوں کو ابوظہبی کے یاس جزیرے پر چلتے ہوئے اور پائلٹ سروس کی جانچ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ، ہائی ٹیک نیوی گیٹنگ ٹولز سے لیس ٹیکسیاں بغیر کسی دستی مدد کے مرکزی سڑکوں پر چلتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔

(جاری ہے)


محکمہ بلدیات اور ٹرانسپورٹ کی جانب سے پہلے مرحلے میں یاس آئی لینڈ پر پانچ TXAI برانڈڈ گاڑیاں چلتی نظر آئیں گی، جو مسافروں کو 9 اسٹاپس کے درمیان لے جائیں گی جن میں ہوٹل، ریستوراں، شاپنگ مال اور دفاتر شامل ہیں ، دوسرے مرحلے میں ابوظہبی کے متعدد مقامات پر مزید TXAI گاڑیاں شامل ہوں گی اگرچہ گاڑیاں بغیر ڈرائیور کے ہیں لیکن آزمائشی مرحلے کے دوران ڈرائیونگ سیٹ پر ایک سیفٹی آفیسر موجود ہوگا۔

بیانات کے سی ای او حسن الحسانی نے خلیج ٹائمز کو نئی سروس ٹیکسی کے اجراء کے موقع پر بتایا کہ وہ متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں تفریحی مقام یاس جزیرے کے نو مقامات پر پانچ کاروں سے آغاز کریں گے ، ہائی ٹیک پروجیکٹ کے پہلے مرحلے میں تین الیکٹرک اور دو ہائبرڈ سیلف ڈرائیونگ گاڑیاں ہوں گی جو یاس مال میں ہوٹلوں، ریستورانوں، شاپنگ مالز اور دفاتر سے مفت ٹرانسپورٹ خدمات فراہم کرتی ہیں۔