دنیا بھر کی 100 متاثر کن اور بااثر خواتین کی فہرست ، پاکستانی سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی اور عابیہ اکرم بھی سر فہرست

منگل 7 دسمبر 2021 12:53

دنیا بھر کی 100 متاثر کن اور بااثر خواتین کی فہرست ، پاکستانی سماجی کارکن ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2021ء) برطانوی نشریاتی ادارہ بی بی سی نے 2021 کے لیے دنیا بھر کی 100 متاثر کن اور بااثر خواتین کی فہرست جاری کی ہے۔اس سال 100 خواتین میں ایسی شخصیات کی خدمات کو اجاگر کیا جا رہا ہے جنھوں نے مشکلات کے باوجود ہمت نہیں ہاری اور زندگی  کی دوبارہ سے شروعات کرنے کا فیصلہ کیا۔یہ  خواتین ہمارے معاشرے، ہماری ثقافت اور ہماری دنیا کو نئے سرے سے بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔

اس فہرست میں شامل خواتین میں سب سے کم عمر نوبل انعام یافتہ پاکستانی سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی بھی شامل ہے۔ امن کا نوبل  انعام جیتنے والی دنیا کی سب سے کم عمر شخصیت ملالہ یوسفزئی خواتین کی تعلیم کے لیے سرگرم پاکستانی سماجی کارکن اور اقوامِ متحدہ کی سفیر براِئے امن ہیں۔

(جاری ہے)

وہ 11 برس کی عمر سے خواتین کو تعلیم کے حصول کا حق دینے کے لیے آواز بلند کرتی رہی ہیں۔

ملالہ نے اپنے ایکٹوازم کا آغاز بی بی سی اردو کے لیے بلاگ لکھنے سے کیا جس کا موضوع پاکستان میں طالبان کے زیرِ اثر علاقوں میں خواتین کے حصولِ تعلیم پر پابندیاں تھا۔ ان کے اس کام کی وجہ سے اکتوبر 2012 میں ان پر سوات میں قاتلانہ حملہ ہوا۔ صحت یابی کے بعد وہ اپنی تنظیم ملالہ فنڈ کے لیے کام کر رہی ہیں جس کا مقصد ایک ایسی دنیا کی تخلیق ہے جہاں ہر لڑکی بلا خوف و خطر تعلیم حاصل کر سکے۔

اسی طرح جسمانی معذوری کے ذاتی تجربے سے گزرنے والی عابیا اکرم 1997 میں اُس وقت سے جسمانی معذوری سے متعلق تحریک میں سرگرم ہیں جب انھوں نے بطور طالبہ سپیشل ٹیلنٹ ایکسچینج پروگرام کا آغاز کیا۔وہ پاکستان سے دولتِ مشترکہ کے کامن ویلتھ ینگ ڈس ایبلڈ فورم کے لیے نامزد کی جانے والی پہلی رابطہ کار ہیں۔ عابیا اکرم نیشنل فورم آف ویمن ود ڈس ایبلٹی کی بانی ہیں اور وہ اقوام متحدہ کے معاہدہ برائے حقوقِ و نشوونمائے معذورین کے نفاذ کے لیے کوشاں ہیں۔وہ جسمانی معذوری کو 2030 میں پائیدار ترقی اور اجتماعی پیشرفت کے لیے اقوام متحدہ کے ایجنڈے میں شامل کروانے کے سلسلے میں بھی کام کر رہی ہیں۔