Live Updates

توشہ خانہ کیس میں حکومت نے ایک بار پھر عدالت سے مہلت مانگ لی

اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ میں اہم کیس کی سماعت کے باعث التواء کی استدعا کی تھی جسے منظور کر لیا گیا

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر بدھ 8 دسمبر 2021 21:50

توشہ خانہ کیس میں حکومت نے ایک بار پھر عدالت سے مہلت مانگ لی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 دسمبر2021ء) توشہ خانہ کیس میں حکومت نے ایک بار پھر عدالت سے مہلت مانگ لی۔ اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ میں اہم کیس کی سماعت کے باعث التواء کی استدعا کی تھی جسے منظور کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ کیس میں حکومت نے ایک بار پھر عدالت سے مہلت مانگ لی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ میں اہم کیس کی سماعت کے باعث توشہ خانہ کیس کی التواء کی استدعا کی تھی۔

بتایا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل کی استدعا پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استدعا منظور کرتے ہوئے توشہ خانہ کیس کی سماعت ملتوی کردی۔ یاد رہے کابینہ ڈویژن نے انفارمیشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے، انفارمیشن کمیشن نے وزیراعظم کو توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف کی تفصیلات شہری کو فراہم کرنے کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے 11 نومبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں توشہ خانہ سے وزیراعظم عمران خان کو ملنے والے تحائف کی معلومات پبلک کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی۔ سماعت میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں ریمارکس دیے تھے کہ بیرون ملک سے ملنے والے تحائف کو میوزیم میں رکھنا چاہیے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ بیرون ملک سے ملنے والے تحائف میوزیم میں لگے ہوں تو لوگ بھی خوش ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایرانی قالین ملے تو وہ بھی میوزیم میں کیوں نہیں رکھا جانا چاہیے؟ پاکستان نے امریکہ کو تحفے دیے تو انہوں نے سنٹر میں محفوظ کیے، دوسرے ممالک سے ملنے والے تحائف میوزیم میں لگے ہوں تو لوگ بھی خوش ہوں گے، بہت ساری چیزوں کی تاریخی اہمیت ہوتی ہے، اگر یہ کام شروع ہوجائے تو تحائف منظرعام پر آنے سے لوگ خوش ہوں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات