حریت رہنمائوں کی چوہدری غلام عباس کے مزار پر حاضری اور فاتحہ خوانی

اتوار 19 دسمبر 2021 18:10

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2021ء) جموںو کشمیر پیپلز موومنٹ کے وائس چیئرمین عبدالمجید ملک، جموں کشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے وائس چیئرمین قاضی عمران اور جموں کشمیر پیپلز ایسوسی ایشن کے کنوینر خالد شبیر نے تحریک آزادی جموں وکشمیر کے ممتاز رہنما اور آل جموںو کشمیر مسلم کانفرنس کے بانی رہنما چوہدری غلام عباس کی 54 ویںبرسی پران کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق تینوں رہنمائوں نے چوہدری غلام عباس کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیاکہ مقبوضہ جموںوکشمیر کی آزادی کے ان کے مشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ حریت رہنماؤں نے کہاکہ چوہدری غلام عباس ایک تحریک کا نام ہے اور ان کے مشن کو پورا کرنا پوری ریاست جموںو کشمیر کے عوام کا فرض ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کی موجودہ صورت حال کو مدنظررکھتے ہوئے تمام کشمیری قیادت کو متحدہو کرتحریک آزادی کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ وہ مرحوم قائد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ہمیںان کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق دے۔