وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے سپیکر چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کی ملاقات، سیاسی صورتحال، بلدیاتی الیکشن اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال

وزیراعلیٰ پنجاب اور سپیکر پنجاب اسمبلی کا ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مضبوط بنانے پراتفاق، مل کر بلدیاتی الیکشن میں حصہ لیں گے: عثمان بزدار، پرویزالٰہی

پیر 3 جنوری 2022 22:31

وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے سپیکر چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 03 جنوری2022ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے یہاں ایوان وزیراعلیٰ میں ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال، بلدیاتی الیکشن او رفلاح عامہ کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب اور سپیکر پنجاب اسمبلی کا ملاقات میں ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مضبوط بنانے پراتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مل کر بلدیاتی الیکشن میں حصہ لیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلیشن شپ ہے، اہم امور پر آپ سے مشاورت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے، تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر کو اپنی کارکردگی سے جواب دیں گے، تحریک انصاف کی حکومت کے دور میں جوپائیدارکا م کیے ہیں ان کی مثال ماضی میں نہیں ملتی، مختصرمدت میں عوام کو ریلیف دیا ہے اوران کیلئے آسانیاں پیدا کی ہیں۔

سردار عثمان بزدارنے کہا کہ اپوزیشن کے پاس نہ کوئی بیانیہ ہے اورنہ کوئی حکمت عملی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عوام کوریلیف کی فراہمی کیلئے مل کر کام کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے، خلوص نیت کے ساتھ اتحاد کو آگے بڑھا رہے ہیں، بلدیاتی الیکشن میں مشترکہ امیدوار سامنے لانے کیلئے بات چیت کاسلسلہ جاری رہے گا۔ ملاقات میں پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب عامر جان اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے