جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے لیے پروفیسر ڈاکٹر نعیم نواز کی خدمات قابل ستائش ہیں‘ وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد کمال

منگل 11 جنوری 2022 13:19

جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے لیے پروفیسر ڈاکٹر نعیم نواز کی خدمات ..
مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2022ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ ریاضی کے پروفیسر ڈاکٹر نعیم نواز مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد ریٹائر ہو گئے۔ ان کی ریٹائرمنٹ پر فیکلٹی آف فیزیکل سائنسز کی طرف سے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، جس میں یونیورسٹی کے ڈینز، ڈائریکٹرز اور اساتذہ نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال نے کہا کہ یونیورسٹی کی تاریخ میں پروفیسر ڈاکٹر نعیم نواز کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انہوں نے یونیورسٹی میں گراں قدر خدمات سر انجام دیں جس کے لیے یونیورسٹی ان کی شکر گزار رہے گی۔

انچارج ڈین فیکلٹی آف فیزیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ناصر امین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر نعیم نواز نے کبھی تدریسی عمل میں کوتاہی نہیں کی، یونیورسٹی ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی، ان سے فارغ التحصیل طلبا اور طالبات اس وقت ملک بھر کے تعلیمی، تحقیقی، اور فنی اداروں میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مدت ملازمت سے ریٹائر ہونے والے پروفیسر ڈاکٹر نعیم نواز نے کہا کہ یونیورسٹی کی طرف سے ملنے والی محبت ہمیشہ یاد رہے گی، میری فیکلٹی اور یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء سے مجھے بے حد پیار ملا، ان کا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی میں ہمیں مل جل کر مثبت کردار ادا کرنا ہو گا، یونیورسٹی کی طرف سے ملنے والی محبت ناقابل فراموش ہے، تقریب کے آخر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال کی طرف سے پروفیسر نعیم نواز کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا۔

متعلقہ عنوان :