نیب کے دلائل پر بچے بھی روپڑے ہیں، وکلاء زرداری

کمرہ عدالت میں موبائل فون بج اٹھا، رنگ ٹون کسی بچے کے رونے کی آواز تھی، جج محمد بشیر نے سماعت روک دی

منگل 11 جنوری 2022 14:47

نیب کے دلائل پر بچے بھی روپڑے ہیں، وکلاء زرداری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2022ء) احتساب عدالت میں آصف زرداری کے خلاف ریفرنس کی سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں موبائل فون بج اٹھا، موبائل فون کی رنگ ٹون کسی بچے کے رونے کی آواز تھی، رنگ ٹون بجنے پر جج محمد بشیر نے سماعت روک دی، سابق صدر کے وکلاء نے کہا کہ نیب کے دلائل پر بچے بھی روپڑے ہیں۔

(جاری ہے)

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق صدر آصف علی زرداری نیویارک پراپرٹی کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت کیلئے اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے ہمراہ پیش ہوئے۔

کیس کی سماعت کے دوران دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب کمرہ عدالت میں بچے کے رونے کی آواز والی رنگ ٹون والا موبائل فون بچ پڑا، جج احتساب عدالت نے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ کسی کا بچہ رو رہا ہے۔جج کے اس ریمارکس پر کمرہ عدالت قہقہوں سے گونج اٹھا ،وکلا آصف زرداری نے اس موقع پر کہا کہ نیب کے دلائل پر بچے بھی روپڑے ہیں جس پر نیب پراسیکوٹر نے کہا کہ ہم نے تو ابھی دلائل شروع ہی نہیں کیے۔اس موقع پر عدالت نے عملے کو موبائل فون لینے کی ہدایت کردی۔