Live Updates

لاہور جنرل ہسپتال کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری، بلا تفریق شہریوں کو ہسپتال میں طبی سہولیات کی فراہمی جاری رکھی جائے گی، ڈاکٹر عامر غفور مفتی

جمعہ 14 جنوری 2022 17:08

لاہور جنرل ہسپتال کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری، بلا تفریق شہریوں ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 جنوری 2022ء) لاہور جنرل ہسپتال کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر اور ایم ایس ڈاکٹر عامر غفور مفتی نے سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی جن کے مطابق شعبہ ایمرجنسی اور آؤٹ ڈور میں مجموعی طور پر1903930مریضوں کو بغیر پرچی فیس کے طبی سہولیات فراہم کی گئیں ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال میں 987214 شعبہ بیرونی مریضاں میں آئے جبکہ916716 افراد کو شعبہ حادثات میں علاج معالجہ کے علاوہ ادویات ، آپریشن کا سامان ، تشخیصی ٹیسٹ بشمول CTسکین  جیسی سہولیات بلا معاوضہ مفت فراہم کی گئیں۔

اسی طرح64506مریضوں کو چیک کر کے مختلف وارڈز میں داخل کیا گیا ۔اس ایک سال میں53233 افراد کے شعبہ حادثات میں معمولی آپریشن جبکہ 28412بڑی سرجریز کی گئیں ،51218سی ٹی سکین کیے گئے۔

(جاری ہے)

جنرل ہسپتال میں اس ایک سال کے دوران 18845ڈائلسز ،5361گیسٹروسکوپی اور56728ای سی جی کی گئیں۔اسی طرح 3190فائبرو سکین ،288میموگرافی ،845نیورو اینجیو گرافی اور شعاعوں سے 1593 افراد کی گردوں سے پتھری تحلیل کی گئی، نیزاس عرصے کے دوران 135536الٹرا ساؤنڈ ہوئے۔

سالانہ رپورٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ اس ادارے کو ریکارڈ تعداد میں مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات باہم پہنچانے کا اعزاز حاصل ہے جو کہ وزیر اعظم عمران خان ، وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کے ویژن کا عکاس ہے ۔انہوں نے کہا کہ بغیر پرچی فیس اس ہسپتال میں مفت علاج معالجہ کیا جا رہا ہے جبکہ مریضوں کے علاوہ اُن کے لواحقین کو بھی آرام گاہ اور پناہ گاہ کی سہولتیں باہم پہنچائی جا رہی ہیں ۔

ایم ایس ڈاکٹر عامر غفور مفتی نے توقع ظاہر کی کہ انشاء اللہ سال2022 میں گزشتہ برس کے مقابلے میں زیادہ بہتر پرفارمنس دکھائیں گے اور بلا تفریق شہریوں کو اس ہسپتال میں طبی سہولیات کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات