زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں وزیر اعظم کے کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرم کے تحت گزشتہ سال پینتیس ہزار سے زائد پودے لگائے گئے تھے

جمعہ 14 جنوری 2022 17:51

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں وزیر اعظم کے کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرم ..
فیصل آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 جنوری 2022ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں وزیر اعظم کے کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرم کے تحت گزشتہ سال پینتیس ہزار سے زائد پودے لگائے گئے تھے جبکہ امسال چالیس ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس سے سرسبز ماحول کے ساتھ ساتھ آلودگی جیسے مسائل پر بھی قابو پانے میں مدد ملے گی۔ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے شعبہ اسٹیٹ مینجمنٹ کے تحت گارڈننگ ونگ کے ملازمین کی استعداد کار میں اضافے کیلئے منعقدہ ایک روزہ ورکشاپ سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔

اس موقع پر پرنسپل آفیسر اسٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر قمر بلال اور ڈاکٹر عدنان یونس نے بھی خطاب کیا۔ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ عالمی سطح پر وقوع پذیر ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسٹیٹ مینجمنٹ کے عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی شبانہ روز انتھک محنت کی وجہ سے زرعی یونیورسٹی کا شمار دنیا کی بہترین گرین یونیورسٹیوں میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہ جوافراد رزق حلال کی تلاش میں محنت کو اپنا شعار بناتے ہیں انہیں قدرت کامیابیوں و کامرانیوں سے ہمکنار کرتے ہوئے بے شمار نعمتوں سے نوازتی ہے۔انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ گارڈننگ وننگ میں تعینات عملے کے مسائل کے حل کیلئے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کارلائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کا کیمپس اپنی جاذب نظر خوبصورتی کی وجہ سے نا صرف اہل شہر بلکہ چاروں صوبوں میں اپنی منفرد پہچان رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں ہر سال پھولوں کی نمائش کا انعقاد کیا جا تا ہے جس میں ہزاروں اقسام کے پھول افراد کی توجہ کا مرکز رہتے ہیں۔ ڈاکٹر قمر بلال نے کہا کہ ڈاکٹر اقرار احمد کی قیادت میں بر صغیر کی اس پہلی عظیم زرعی دانشگاہ کے جمالیاتی حسن کو مزید نکھارنے کیلئے سنجیدہ اصلاحات عمل میں لائی گئی ہیں اسی وجہ سے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا شمار ملکی سطح پر صف اول کے خوبصورت اداروں میں ہوتا ہے۔

انہوں نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ وائس چانسلر کی ہدایت پر سکیورٹی ونگ کے عملے کی کارکردگی میں بہتری لانے اور دفتری امور کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تربیتی وکشاپ کا انعقاد جلد ہی کیا جائے گا۔ڈاکٹر عدنان یونس نے کہاکہ جامعہ کی سر سبزشادابی میں مزید بہتری لانے کے لئے تمام کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ورکشاپ میں سو کے قریب باغبانی کے عملے کو تربیت دی جا رہی ہے۔