آر پی او راولپنڈی کی کھلی کچہری ،شہریوںکے مسائل سن کر حل کے احکامات جاری کئے

شہریوں کو انصاف کی بلا تعرض و بلا تعطل فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،ہرممکن اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے، اشفاق احمد خان

جمعہ 14 جنوری 2022 21:38

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2022ء) ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن اشفاق احمد خان نے حکومت پنجاب کی اوپن ڈورپالیسی کے تحت اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیاگیا۔ کھلی کچہری میں ریجن کے چاروں اضلاع سے شہریوں نے مقدمات کی دوسری تبدیلی تفتیش و انکوائری کے لیے اپنی درخواستیں پیش کیں ۔ آر پی او راولپنڈی نے تمام شہریوں کی درخواستوں پر احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو مقررہ ٹائم فریم میں رپورٹ بھجوانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو انصاف کی بلا تعرض و بلا تعطل فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے جسکے لیے ہرممکن اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی اشفاق احمد خان نے حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت اور آئی جی پی پنجاب کے ویژن کے مطابق ریجنل پولیس دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔

(جاری ہے)

کھلی کچہری میں ریجن کے چاروں اضلاع راولپنڈی، اٹک ، جہلم اور چکوال کے شہریوں نے دوسری تبدیلی تفتیش وانکوائری کے لیے درخواستیں پیش کیں۔کھلی کچہری میں خالد عباس ضلع راولپنڈی کے خلاف تھانہ کوٹلی ستیاں میں درج مقدمہ پر سی پی او راولپنڈی کو فوری انکوائری کے احکامات جار ی کیے گئے، جبکہ محمد کامران ضلع چکوال، خالد عباس ضلع راولپنڈی اور نوید خان ضلع اٹک نے اپنے خلاف جبکہ عادل محمود ضلع چکوا ل اور راجہ مشتاق ضلع راولپنڈی نے درج مقدمات میں تبدیلی تفتیش کی درخواستیں پیش کیں جس پر آر پی او راولپنڈی نے ایس ایس پی ریجنل انوسٹی گیشن برانچ کو فوری کاروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے مقررہ ٹائم فریم میں رپورٹ بھجوانے کے احکامات جاری کیے ۔

اس موقع پر آر پی او راولپنڈی ریجن اشفاق احمد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو انصاف کی بلا تعرض و بلا تعطل فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے جسکے لیے ہرممکن اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔