دسمبر میں اوورسیز پاکستانیوں نے 2 ارب 52 کروڑ ڈالرز وطن بھیجے

جمعہ 14 جنوری 2022 22:46

دسمبر میں اوورسیز پاکستانیوں نے 2 ارب 52 کروڑ ڈالرز وطن بھیجے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2022ء) اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے دسمبر میں ورکرز ترسیلات سے متعلق اعداد و شمار جاری کردئیے ہیں جس کے مطابق دسمبر 2021 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 2اعشاریہ 52 ارب ڈالرز وطن بھیجے ہیں۔ایس بی پی اعداد و شمار کے مطابق دسمبر کے ترسیلات نومبر کے مقابلے میں تقریباً 3فیصد زائد ہیں۔

(جاری ہے)

ایس بی پی کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں ورکرز ترسیلات 15 ارب 80 کروڑ ڈالر رہیں۔اعداد و شمار کے مطابق پہلی ششماہی کے ترسیلات زر گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے مقابلے میں 11 فیصد زائد ہیں۔ایس بی پی کے مطابق 6 ماہ میں سعودی عرب سے 4 ارب ڈالرز کی ورکرز ترسیلات موصول ہوئیں۔اعداد و شمار کیمطابق جولائی تا دسمبر کے دوران عرب امارات سے 3 ارب ڈالر بھیجے گئے جبکہ برطانیہ سے بھیجی گئیں ترسیلات 2 ارب 14 کروڑ ڈالرز رہیں۔