جماعت اسلامی نے یوم یکجہتی کشمیر کو پورے جوش وخروش سے منانے کے لئے پروگرامات کا اعلان کردیا

پانچ فروری کو ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی صبح دس بجے چنیوٹ بازار چوک سے ریلی نکالی جائے گی

ہفتہ 15 جنوری 2022 23:11

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2022ء) جماعت اسلامی نے یوم یکجہتی کشمیر کو پورے جوش وخروش سے منانے کے لئے پروگرامات کا اعلان کردیا،پانچ فروری کو ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی صبح دس بجے چنیوٹ بازار چوک سے ریلی نکالی جائے گی جس میں خواتین اور بچے بھی شریک ہوں گے،شہر بھر سے جماعت اسلامی کے کارکن جلوسوںکی شکل میں اس ریلی میں شریک ہوں گے،3فروری کو آل پارٹیز کانفرنس ہوگی، 4فروری کو جماعت اسلامی کے کارکن نمازجمعہ کے موقع پر مساجد کے باہرعوام الناس کو ریلی میں شرکت کی دعوت دیں گے۔

پانچ فروری تک شہر کے مختلف مقامات پرکشمیریوں کی تحریک آزادی سے اظہاریکجہتی کے لئے کیمپ لگائے جائیں گی ،جے آئی یوتھ کے نوجوانوں کی موٹر سائیکل ریلی بھی ہوگی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارجماعت اسلامی کے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماںبٹ نے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں زونل امراء اور سیکرٹریز کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرضلعی جنرل سیکرٹری لیاقت علی گل اور نائب امیرضلع شیخ محمدمشتاق بھی موجود تھے۔محبوب الزماں بٹ نے کہا کہ کشمیر کے مظلوم عوام مشکل اور کٹھن حالات میں بھی پاکستان کے حق میں نعرے لگا رہے ہیں اور تحریک آزادی کشمیر کوبھرپورانداز میں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ بھارت کی درندہ صفت فوج کے سامنے جیوے جیوے پاکستان کے نعرے اس بات کا ثبوت ہیں کہ کشمیریوں کی تیسری نسل بھی ہندوستان سے آزادی چاہتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت سے دوستی اور تجارت اس وقت تک نہیں ہوسکتی جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا۔ بھارت سے دوستی کے خواب دیکھنے والوں کو یہ یاد رکھنا چاہئے کہ اس نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کے خلاف کام کیا ہے۔ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کی وارداتوں میں سب سے بڑاہاتھ بھارت کا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی آٹھ لاکھ فوج کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام کاجذبہ حریت دبا نہیں سکا۔

حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کوعالمی سطح پر بھرپورانداز میں اجاگر کرے۔ ہمیں امریکہ کو یہ واضح کرنا چاہئے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کابھی نوٹس لے۔ امریکہ کوپاکستان میں تو دہشتگردی نظر آتی ہے لیکن کشمیر میں معصوم اور بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام نظر نہیں آتا۔ فیصل آباد(آن لائن) ٹریفک حادثہ انٹر نیشنل پاکستان کبڈی ٹیم کے موجودہ کھلاڑی شکیل جٹ جان بحق ان کا دوست شدید زخمی آن لائن کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ گوجرہ روڑ پر ٹرک کی موٹر سائیکل کو ٹکر حادثے کے نتیجے میں انٹر نیشنل کبڈی پلیئر شکیل جٹ جان بحق اور ان کادوست شدید زخمی ہو گیا حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122. اور شہریوں کی کثیر تعداد موقع پر پہنچ گئی ریسکیو 1122 نے لاش اور زخمی کو فیصل ٓباد ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا شکیل جٹ کا تعلق ٹوبہ کے نواحی چک 320 ج ب سے ہے وہ مسلسل پانچ سال سے قومی کبڈی ٹیم میں کھیل رہے تھی