حکومت ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں اضافے کے لئے کوششیں کر رہی ہے، وزارت توانائی

پیر 17 جنوری 2022 20:38

حکومت ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں اضافے کے لئے کوششیں کر ..
اسلام آباد۔17جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔17 جنوری2022ء) :قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ حکومت ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں اضافے کے لئے کوششیں کر رہی ہے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں شکیلہ خالد چوہدری کے سوال پر وزارت توانائی کی جانب سے ایوان کو آگا ہ کیا گیا کہ پاکستان میں ملکی گیس تیزی سے کم ہو رہی ہے جبکہ اس کے برعکس طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔

طلب اور رسد میں موسم کے اعتبار سے گیپ بڑھ رہا ہے۔ ایوان کو بتایا گیا کہ موسم سرما میں ایس این جی پی ایل کے نظام میں گھریلو طلب میں تقریباً تین گنا اضافہ ہوتا ہے۔ سوئی سدرن میں دسمبر اور جنوری میں اضافے کی شرح دو گنا ہے۔ ایوان کو بتایا گیا کہ گیس کی فراہمی کے ترجیحی حکمنامہ کے تحت گیس کمپنیاں گھریلو صارفین کو بلا تعطل 24 گھنٹے گیس فراہم کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

کم ترجیحاتی شعبوں کو گیس کی فراہمی میں وقتاً فوقتاً کمی کی جاتی ہے۔ یہ کمی وفاقی حکومت کے منظور کردہ لوڈمینجمنٹ پلان کے تحت کی جاتی ہے۔ ایوان کو بتایا گیا کہ اس وقت سوئی ناردرن کے نظام میں گھریلو شعبہ کی کھپت 1050 ایم ایم سی ایف ڈی کے قریب ہے جس میں تقریباً 675 ایم ایم سی ایف ڈی مقامی گیس سپلائی اور 375 ایم ایم سی ایف ڈی درآمدی گیس (ایل این جی) شامل ہیں۔

سوئی سدرن کے نظام میں گھریلو شعبوں کی کھپت 500 ایم ایم سی ایف ڈی ہے۔ ایوان کو بتایا گیا کہ طلب اور رسد میں کمی کے انتظام کے لئے حکومت نے مختلف اقدامات کئے ہیں تاہم یہ صرف ایل این جی کی درآمد تک محدود نہیں ہے۔ گھریلو شعبہ کو گیس کی بلاتعطل فراہمی کے لئے ایل این جی کو گھریلو شعبے کی طرف منتقل کیا جاتا ہے۔ ایوان کو بتایا گیا کہ حکومت کسی حکومتی گارنٹی کے بغیر نئی ایل این جی ٹرمینل قائم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ حکومت نے تیل اور گیس کی دریافت میں اضافے کے لئے نئے بلاک کے اجراء کے لئے بولی کے دو دور بھی منعقد کئے۔