آسٹریلیا سے ڈی پورٹ جوکووچ سربیا پہنچ گئے،فاتح جیسا استقبال

منگل 18 جنوری 2022 22:21

آسٹریلیا سے ڈی پورٹ جوکووچ سربیا پہنچ گئے،فاتح جیسا استقبال
بلغراد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2022ء) عالمی نمبر ایک سربین ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ آسٹریلیا سے ڈی پورٹ ہوکر اپنے وطن سربیا پہنچ گئے۔ بلغراد ایئر پورٹ پر ان کا فاتح کی طرح اسقبال کیا گیا. سربین پرچم تھامے کئی پرستار ’’ چیمپئن چیمپئن ‘‘کے نعرے لگارہے تھے، لوگوں نے ان کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔ سربین وزیراعظم نے ان کے ساتھ آسٹریلین حکومت کے برتائو کو ’’مکروہ‘‘ قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

واضع رہے کہ آسٹریلین اوپن میں شرکت کیلئے نوواک جوکووچ میلبورن پہنچے تھے، تاہم کورونا ویکسین نہ لگوانے پر ان کا ویزا منسوخ کیا گیا اور پھر اتوار کو انہیں آسٹریلیا سے ڈی پورٹ کردیا گیا تھا۔ دوسری جانب جوکووچ کیلئے فرنچ اوپن میں شرکت بھی مشکل ہوگئی ہے۔ فرانسیسی وزیر کھیل نے واضح کیا ہے کہ ملک میں کھیلوں کے ایونٹس کیلئے داخل ہونے والے کسی بھی ایتھلیٹ کو لازمی کوویڈ ویکسی نیشن شرط سے استثنیٰ نہیں دیا جائے گا۔ فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مئی اور جون میں کھیلا جائے گا۔