پنجاب یونیورسٹی کیریئرکونسلنگ اینڈ پلیسمنٹ سنٹر کے زیر اہتما م جاب فیئر کا انعقاد

جمعرات 20 جنوری 2022 00:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2022ء) پنجاب یونیورسٹی کیریئرکونسلنگ اینڈ پلیسمنٹ سنٹر کے زیر اہتمام فوجی فرٹیلائزر کمپنی کے اشتراک سے انسٹی ٹیوٹ آف کیمیکل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے طلباء کے لیے جاب فیئر کا انعقاد کیاگیا۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ خان درانی، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف کیمیکل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر رفیع اللہ خان، ڈائریکٹر کیرئیرکونسلنگ اینڈ پلیسمنٹ سنٹر پروفیسر ڈاکٹر عبدالقیوم چوہدری اور طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اپنے خطاب میں ڈاکٹر رفیع اللہ خان نے ریکروٹمنٹ ٹیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے انسٹیٹیوٹ کے طلبائو کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے موجودہ وائس چانسلر پروفیسر نیازاحمد اختر سمیت تقریباً 16 گریجویٹس کو حکومت پاکستان کی جانب سے ستار امتیاز سے نوازا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھاد، ریفائنری، سیمنٹ اور توانائی کے شعبوں میں انسٹیٹیوٹ سے فارغ التحصیل طلباء مستفید ہو رہے ہیں اور وہ قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ خان درانی نے انسٹیٹیوٹ کی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کووڈ19 کے دوران وبائی مرض سے نمٹنے میں حکومت کی مدد کی۔ ڈاکٹر عبدالقیوم چوہدری نے کہا کہ سی سی پی سی پنجاب یونیورسٹی کے طلباء کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے متحرک کردارادا کر تا رہے گا۔