کراچی،مبینہ را کے ایجنٹ سے تفتیش کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دینے کی درخواست

ملزم کے گھر سے پاکستان اور فوج کے خلاف مواد برآمد ہوا ہے،پاکستان اور خفیہ اداروں کے خلاف واٹس ایپ کے ذریعے مواد شیئر کیا گیا،شہلاقریشی

منگل 25 جنوری 2022 13:32

کراچی،مبینہ را کے ایجنٹ سے تفتیش کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دینے کی درخواست
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2022ء) کراچی کے علاقے رضویہ سوسائٹی سے گرفتار کیے گئے ملزم سفیان نقوی سے مشترکہ تفتیش کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دینے کے لیے ایس ایس پی انویسٹی گیشن سینٹرل شہلا قریشی کی جانب سے خط لکھا گیا ہے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن سینٹرل شہلا قریشی نے یہ درخواست محکمہ داخلہ سندھ کو بھیجی ہے جس میں کہا ہے کہ گرفتاری کے بعد ملزم کے گھر سے پاکستان اور فوج کے خلاف مواد برآمد ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی انویسٹی گیشن سینٹرل نے خط میں کہا ہے کہ پاکستان اور خفیہ اداروں کے خلاف واٹس ایپ کے ذریعے مواد شیئر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ملزم سفیان کے رابطہ کاروں میں اس کے پاکستان دشمن بھارتی دوست بھی شامل ہیں۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن سینٹرل نے کہا کہ ملزم نے واٹس ایپ پر سی پیک اور حساس تنصیبات کے مقامات اور وقت کا حوالہ دیا ہے۔شہلا قریشی نے کہاکہ ملزم سفیان نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ساتھ تعلق کا انکشاف کیا ہے۔انہوں نے محکمہ داخلہ سندھ سے درخواست کی ہے کہ ملزم سفیان سے تفتیش کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیمتشکیل دی جائے۔