عرب امارات میں ڈرون اڑانے پرجیل اورجرمانے کی سزاکااعلان

ڈرون کواپنے کام کے لئے استعمال کرنے والے افرادحکومت سے اجازت نامہ حاصل کرسکیں گے،حکام

جمعرات 27 جنوری 2022 12:57

عرب امارات میں ڈرون اڑانے پرجیل اورجرمانے کی سزاکااعلان
ابوظبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2022ء) متحدہ عرب امارات حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں ڈرونز اڑانے پر جیل اور بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔اس سے پہلے صرف ڈرون اڑانے پر پابندی عائد کی گئی تھی ،عرب میڈیا کے مطابق حکومت نے شہریوں کو متنبہ کیا کہ ملک میں ڈرونز اڑانے پر کم سے کم 6ماہ اور زیادہ سے زیادہ 5 سال جیل یا پھر ایک لاکھ درہم سے زائد جرمانہ عائد ہوگا۔

(جاری ہے)

حکومت امارات کے مطابق ملک میں گزشتہ ہفتے سے ڈرونزکے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔رپورٹس کے مطابق کھیلوں میں استعمال ہونے والے ڈرون پر بھی پابندی عائد ہے جبکہ حکام کاکہنا تھا کہ یہ فیصلہ عوام اور املاک دونوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کیا گیا ہے۔امارات حکومت کی جانب سے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جن لوگوں کو کام، تجارتی، فلم بندی یا اشتہاری مقاصد کے لیے ڈرون کے استعمال کی ضرورت ہے انہیں اپنا کام کرنے کے لیے حکومت سے اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔