بچیوں کی تعلیم و تربیت کے لیے نوابشاہ کا بختاور گرلز کیڈٹ کالج بہترین کام کر رہا ہے، کمشنر شہید بے نظیرآباد

جمعرات 10 فروری 2022 17:07

نواب شاہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2022ء) کمشنر شہید بینظیر آباد رشید احمد زرداری نے کہا ہے کہ بچیوں کی تعلیم و تربیت کے لیے نوابشاہ کا بختاور گرلز کیڈٹ کالج بہترین کام کر رہا ہے، امید کی جاتی ہے کہ بختاور کیڈٹ کالج کی کیڈٹس بہتر معاشرے کی تشکیل اور خطے اور ملک کی ترقی میں کردار سازی کریں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بختاور گرلز کیڈٹ کالج کی اول بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ اور پہلے یوم والدین کے سلسلے میں منعقدہ فل ڈریس ریہرسل کے موقع پر طالبات/ کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کمشنر نے مزید کہا کہ پاکستان کا یہ پہلا گرلز کیڈٹ کالج ہے جو طالبات کو تعلیم کے ساتھ ملک کے دفاع کی خاطر خدمات کے لیے آگے بڑھنے اور دیگر چئلنجز سے نمٹنے کا شاندار موقع فراہم کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر شہید بینظیر آباد کی جانب سے گرلز کیڈٹ کالج کی ترقی اور کیڈٹس کی معیاری تعلیم کی فراہمی کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر پرنسپل بختاور کیڈٹ کالج برگیڈیئر (ر) محمد امین نے اپنے خطاب میں بتایا کہ کیڈٹ کالج انتظامیہ اور تدریسی عملے کی انتھک محنت کے علاوہ زیر تعلیم کیڈٹس کی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں کارکردگی اور دلچسپی قابل ستائش ہے۔ پرنسپل نے مزید بتایا کہ قلیل عرصہ قبل شروع ہونے والے اس گرلز کیڈٹ کالج میں والدین اور طالبات کی جانب سے داخلہ کے لیے موصول ہونے والی ڈھیروں درخواستوں سے والدین اور امیدواروں کی کالج کے تعلیمی معیار اور ماحول پر اعتماد کا اندازہ ہوتا ہے جو کہ ہمارے لیے باعث مسرت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں کیڈٹس کی نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے علاوہ ان کی دینی تعلیم اور کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اس موقع پر کیڈٹس کی جانب سے معزز مہمانوں کو سلامی پیش کی گئی جبکہ پی ٹی اور جمناسٹک شو کا شاندار مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔ کمشنر شہید بینظیر آباد نے نمایاں کارکردگی پیش کرنے والے کیڈٹس اور کالج عملے کو تعریفی اسناد پیش کیے جبکہ کیڈٹ کالج کے پرنسپل برگیڈیئر (ر) محمد امین نے کمشنر رشید احمد زرداری کو بطور یادگار شیلڈ پیش کی۔