پاکستان رینجرز سندھ نے نجی اسکول کی آر میں گٹکا بنانے والی فیکٹری پکڑلی ،بھاری مقدار میں چھالیہ اور گٹکہ بنانے والا سامان برآمد

بدھ 16 مارچ 2022 22:45

،کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مارچ2022ء) پاکستان رینجرز سندھ نے نجی اسکول کی آر میں گٹکا بنانے والی فیکٹری پکڑ کر اس میں سے بھاری مقدار میں چھالیہ اور گٹکہ بنانے والا سامان برآمد کرلیا۔

(جاری ہے)

ترجمان رینجرز کے مطابق پاکستان رینجرز (سندھ) اورپولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے سکندر گوٹھ میں گٹکا اور چھالیہ بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مار کر 125کلوگرام چھالیہ،3عدد پیکنگ مشینیں، 2عددمکسچر مشینیں،1عدد وزن کرنے والی مشین اور 1عدد سیلنگ مشین برآمد کرلی جو کہ ایک پرائیویٹ اسکول کی بلڈنگ میں بنائی گئی تھی۔

اسکول کی بلڈنگ کو مشینوں اورممنوعہ اشیاء سے کلیئر کر دیا گیاہے۔ برآمد شدہ مشینوں اورممنوعہ اشیاء کو مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا