چیئرمین اوگرا تعیناتی کیس میں یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت چھ ملزمان کی بریت کے خلاف اپیل دائر

منگل 19 اپریل 2022 14:59

چیئرمین اوگرا تعیناتی کیس میں یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2022ء) اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیئرمین اوگرا تعیناتی کیس میں یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت چھ ملزمان کی بریت کے خلاف اپیل دائر کر دی گئی ،نیب نے احتساب عدالت سے ملزمان کی بریت کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا۔نیب کی جانب سے سکندر حیات میکن، جاوید نذیر، شوکت حیات درانی اور سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی بریت کو بھی چیلنج کیا گیا ۔

منگل کو پراسیکیوٹر جنرل نیب نے چیئرمین نیب کی منظوری سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی۔ اپیل میں کہاگیاکہ سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی 22 جولائی 2009 کو خلاف قواعد تعیناتی ہوئی جس پر نیب نے ریفرنس دائر کیا، احتساب عدالت نے 17 مارچ کو ملزمان کی بریت درخواستیں منظور کرتے ہوئے ریفرنس سے بری کیا، نیب ترمیمی آرڈینینس کے تحت ملزمان کی بریت درخواستیں منظور کی گئیں۔

(جاری ہے)

اپیل میں کہاگیاکہ یہ ریفرنس ترمیم شدہ آرڈیننس 2021 کے نفاذ اور اطلاق سے قبل دائر کیا گیا تھا، پہلے سے دائر اور زیر سماعت ریفرنسز پر 2021 کے نیب ترمیمی آرڈی نینس کا اطلاق نہیں ہوتا۔ نیب اپیل کے مطابق ٹرائل کورٹ نے ٹھوس وجوہات کے بغیر جلد بازی میں ملزمان کو بری کرنے کا فیصلہ سنایا۔ اپیل میں استدعا کی گئی کہ احتساب عدالت کا فیصلہ کاالعدم قرار دے کر ٹرائل کی کارروائی کو آگے بڑھانے کا حکم دیا جائے۔