چیئرمین اوگرا تعیناتی کیس ؛ یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کی بریت چیلنج کردی گئی

ٹرائل کورٹ نے ٹھوس وجوہات کے بغیر جلد بازی میں ملزمان کو بری کرنے کا فیصلہ سنایا ‘ احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر ٹرائل کی کارروائی کو آگے بڑھانے کا حکم دیا جائے۔ نیب کی اسلام آباد ہائی کورٹ سے استدعا

Sajid Ali ساجد علی منگل 19 اپریل 2022 16:36

چیئرمین اوگرا تعیناتی کیس ؛ یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 19 اپریل 2022ء ) چیئرمین اوگرا تعیناتی کیس میں یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کی بریت چیلنج کردی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے چیئرمین اوگرا تعیناتی کیس میں سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کی بریت کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ، نیب کی جانب سے چیئرمین اوگرا تعیناتی کیس میں یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت 6 ملزمان کی بریت کے خلاف اپیل دائر کی گئی ہے ۔

بتایا گیا ہے کہ نیب نے احتساب عدالت سے ملزمان کی بریت کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے ، جس میں سکندر حیات میکن ، جاوید نذیر ، شوکت حیات درانی اور سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی بریت کو بھی چیلنج کیا گیا ہے ، اس ضمن میں پراسیکیوٹر جنرل نیب نے چیئرمین قومی احتساب بیورو کی منظوری سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی۔

(جاری ہے)

اپیل میں کہا گیا ہے کہ سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی 22 جولائی 2009ء کو خلاف قواعد تعیناتی ہوئی جس پر نیب نے ریفرنس دائر کیا ، احتساب عدالت نے 17 مارچ کو ملزمان کی بریت درخواستیں منظور کرتے ہوئے ریفرنس سے بری کر دیا، نیب ترمیمی آرڈی نینس کے تحت ملزمان کی بریت درخواستیں منظور کی گئیں۔

نیب نے اپنی اپیل میں موقف اختیار کیا ہے کہ یہ ریفرنس ترمیم شدہ آرڈی ننس 2021ء کے نفاذ اور اطلاق سے قبل دائر کیا گیا تھا ، پہلے سے دائر اور زیر سماعت ریفرنسز پر 2021ء کے نیب ترمیمی آرڈی نینس کا اطلاق نہیں ہوتا ، ٹرائل کورٹ نے ٹھوس وجوہات کے بغیر جلد بازی میں ملزمان کو بری کرنے کا فیصلہ سنایا ، احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر ٹرائل کی کارروائی کو آگے بڑھانے کا حکم دیا جائے۔