Live Updates

راشد شفیق کی گرفتاری پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل

شیخ راشد شفیق کو ائرپورٹ سے اغواء کیا گیا اور ابھی تک ان کے گھر والوں کو ان کا پتہ نہیں دیا جارہا ‘ بوکھلائی ہوئی امپورٹڈ حکومت سمجھتی ہے لوگ ڈر جائیں گے ، بیوقوف اپنے انجام کو تیز کر رہے ہیں ۔ رہنماء پی ٹی آئی فواد چوہدری کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 1 مئی 2022 11:29

راشد شفیق کی گرفتاری پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 مئی 2022ء ) رکن قومی اسمبلی راشد شفیق کی گرفتاری پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل آگیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ایم این اے شیخ راشد شفیق کو ائرپورٹ سے اغواء کیا گیا اور ابھی تک ان کے گھر والوں کو ان کا پتہ نہیں دیا جارہا ، شیخ رشید کو بھی اغواء کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ان اقدامات کی شدید مذمت کرتی ہے بوکھلائی ہوئی امپورٹڈ حکومت سمجھتی ہے لوگ ڈر جائیں گے ، بیوقوف اپنے انجام کو تیز کر رہے ہیں ، جھوٹے پرچوں سے بھی کبھی حکومتیں بچی ہیں؟ انشاللہ ہم دیکھیں گے کہ یہ ٹولہ چند ہفتوں میں اپنے انجام کو پہنچے گا ۔ 
 
خیال رہے کہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کو سعودی عرب سے اسلام آباد پہنچنے پر حراست میں لے لیا گیا ، ممبر قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق عمرہ کی ادائیگی کے بعد اتوار کی صبح نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو وہاں ایف آئی اے امیگریشن اسٹاف کے ہمراہ سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے انہیں روک کر حراست میں لے لیا ، جس کے بعد سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد انھہیں تحویل میں لے کر ایئرپورٹ سے روانہ ہوگئے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے مسجد نبوی ؐ میں پیش آنے والے واقعہ پر کہاتھا کہ واقعہ کی منصوبہ بندی پاکستان میں ہوئی ، گینگ کی کمانڈ شہزادہ جہانگیر اور انیل مسرت کررہے تھے ،عمران خان ، شیخ رشید ، فواد چوہدری اور شیخ رشید کے بیانات سب کے سامنے ہیں ، جن کے بھتیجے راشد شفیق نے باقاعدہ لوگوں کو اکٹھا کیا ، اور انہوں نے ایک گینگ برطانیہ سے بھی منگوایا ، گینگ کی کمانڈ شہزادہ جہانگیر اور انیل مسرت کررہے تھے ۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان جو کہتے رہے ہیں ، فواد چوہدری ، شہباز گل اور شیخ رشید کے بیانات سب کے سامنے ہیں ، پلاننگ کے تحت کچھ لوگوں کو یہاں سے سعودی عرب بھیجا گیا ، ان کا مائنڈ سیٹ دیکھیں ،یہ لوگوں کو مسجد نبوی ؐمیں نماز پڑھنے سے رو ک رہے ہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات