موجودہ تحریک انصاف کی حکومت نے زراعت کے شعبے پرخصوصی تو جہ دیتے ہوئے زراعت کا بجٹ دو ارب سے کئی اربوں تک بڑھایا،وزیرزراعت محب اللہ

ہفتہ 14 مئی 2022 00:48

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2022ء) خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت، لائیوسٹاک و ماہی پروری محب اللہ خان نے کہا ہےکہ زرعی ملک کی زراعت کی ترقی پر کسی نے توجہ نہیں دی جبکہ موجودہ تحریک انصاف کی حکومت نے زراعت کے شعبے پرخصوصی تو جہ دیتے ہوئے زراعت کا بجٹ دو ارب سے کئی اربوں تک بڑھایا،تحریک انصاف کی سابقہ وفاقی حکومت سے گیارہ منصوبوں کو منظور کیا گیا جن کی کل مالیت 45 ارب ہے،آبپاشی کیلئے پانی کی بہتر فراہمی کیلئے 30 ارب کے منصوبے وفاقی حکومت کے تعاون سے شروع کیے گئے، ستر سال میں خیبرپختونخوا میں 25000 ہزار واٹر کورسز تعمیر کیے گئے جبکہ پچھلے پانچ سال میں یہ تعداد پچاس ہزار کرنے کا ہدف دیا گیا ہے جو کام پچھلے ستر سال میں نہ ہو سکا وہ تحریک انصاف کی حکومت نے تین سال میں کردیا۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخوا واحد صوبہ ہے جس نے فوڈ سیکورٹی پالیسی متعارف کروائی.جس سے فارمرز کو تحفظ اور جانوروں کی پیداواری صلاحیت کیلئے منصوبوں سے گوشت اور دودھ کی پیداوار میں اضافہ ہوا۔ایگرکلچر ایمرجنسی پروگرام کے تحت کئی منصوبے شروع کیے گئے. کٹا بچاو، کٹا فربہ اور فرو غ سے 1200 فارمرز کو فائدہ پہنچا اور سینکڑوں بھنیسوں اور گائیوں کی نسل کو محفوظ بنایا گیا۔

جانوروں کو بیماروں سے تحفظ، وٹرنری ڈسپنسریز کا قیام اور فری ویکسین کی فراہمی کے منصوبے شروع کیے گئے.تاریخ میں پہلی پہلی دفعہ مال شماری اور فارم شماری کا پروگرام اور وٹرنری یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا گیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں منعقدہ کسان کنونشن سے خطاب کے دوران کیا۔کسان کنونشن کا انعقاد خیبرپختونخوا لائیو سٹاک فارمرز ویلفیئر ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا اور محکمہ زراعت و لائیوسٹاک نے کیا تھا جسمیں صوبہ بھر سے کسانوں، زمینداروں اور فارمز اونر نے شرکت کی۔

کسان کنونشن سے سابقہ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زراعت میں ترقی کی کافی گنجائش ہے ماضی میں کسی بھی حکومت نے زراعت اور کاشتکاری کی طرف توجہ نہیں دی ،حکومت میں آنے کے بعد معلوم ہوا کہ گندم کی پیداوار اور استعمال میں فرق موجود ہے۔کسان کنونشن سے لائیو سٹاک فارمرز ویلفئیر ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے صدر آصف اعوان، سندھ سے آئے ہوئے سردار فہد قیوم،محترمہ رقیہ، محترمہ شمع، فضل ربی، محمد خان نے اپنے تقریروں میں صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہا اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔