امریکا کا الجزیرہ کی خاتون صحافی کے جنازے کے شرکا پر اسرائیلی پولیس کے حملے پر سخت تشویش کا اظہار

ہفتہ 14 مئی 2022 11:58

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2022ء) امریکا نے الجزیرہ کی خاتون صحافی شیریں ابو عقلے کے جنازے کے شرکا پر اسرائیلی پولیس کے حملے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے نے امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ ہمیں الجزیرہ کی خاتون صحافی کے جنازے کے شرکا پر اسرائیلی پولیس کے حملے کی تصاویر دیکھ کر سخت تشویش ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر خاندان کو اپنے پیاروں کی بلا روک ٹوک ، باوقار اور تعظیم کے ساتھ تدفین کا حق حاصل ہے ۔ ان کا کہنا تھاکہ ہم اسرائیلی اور فلسطینی ہم منصبوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں اور تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل سے کام لیں ، امن کو برقرار رکھیں اور ایسے اقدام سے گریز کریں جس سے کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ وائٹ ہائوس کی پریس سیکرٹری جین ساکی نے اسرائیل کے اس اقدام پراظہار مذمت نہیں کیا تاہم انہوں نے خاتون صحافی کے جنازے کے شرکا پر اسرائیلی پولیس کے حملے پر سخت تشویش اور افسوس کا اظہار کیا۔