وزیراعظم شہباز شریف کامتحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النیہان سےشیخ خلیفہ زاید بن النیہان کی وفات پر تعزیت کا اظہار

اتوار 15 مئی 2022 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2022ء) وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النیہان سےشیخ خلیفہ زاید بن النیہان کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اتوار کو ابوظہبی میں مرحوم شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے تعزیت کی۔

تعزیتی اجلاس میں شاہی خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر افضل محمود بھی تھے۔وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی قیادت سے پاکستان کی قیادت، حکومت اور عوام کی گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان اور متحدہ عرب امارات قریبی برادرانہ تعلقات میں بندھے ہوئے ہیں۔

مرحوم شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی قیادت میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات نے نئی بلندیوں کو چھوا۔ وہ پاکستان کے مخلص دوست تھے۔ ان کی گراں قدر خدمات کو پاکستان کی حکومت اور عوام دیر تک یاد رکھیں گے۔متحدہ عرب امارات کے برادر لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے، حکومت پاکستان نے 13 سے 15 مئی 2022 تک تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے، جس میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔