ملک تیزی سے ڈیفالٹ کی طرف جارہا ہے:شبر زیدی

موجودہ صورتحال میں صرف وقت ضائع کیا جارہا ہے، ملک کو اس وقت مستحکم حکومت کی ضرورت ہے،موجودہ حکومت کے پاس اس وقت کوئی آپشن نہیں، مہنگائی سے متعلق جو باتیں کرتے تھے، آج خود اس میں پھنس گئے ہیں، سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی گفتگو

Umar Nawaz عمر نواز پیر 16 مئی 2022 14:20

ملک تیزی سے ڈیفالٹ کی طرف جارہا ہے:شبر زیدی
اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 مئی 2022ء ) سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا ہے کہ ملک تیزی سے ڈیفالٹ کی طرف جارہا ہے۔ اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں صرف وقت ضائع کیا جارہا ہے، ملک کو اس وقت مستحکم حکومت کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کے پاس اس وقت کوئی آپشن نہیں، مہنگائی سے متعلق جو باتیں کرتے تھے، آج خود اس میں پھنس گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے بغیر سوچے سمجھے حکومت لے لی ہے۔ چند روز قبل قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے ن لیگی ایم این اے قیصر شیخ نے کہا تھا کہ چین بات کرنے کوتیار نہیں ، آئی ایم ایف قرضے دینے کوتیار نہیں ، پاکستان تقریباً دیوالیہ ہوچکا ہے ، بجٹ بنانے والے وہ ہیں جن کے اپنے مفادات ہیں ، ملک معاشی بحران کی وجہ سے ڈوب رہا ہے ، مہنگائی اس وقت 13.3 فیصدہے اگلےماہ مہنگائی 20 فیصدپر پہنچ جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا تھا کہ جو بھی وزیرخزانہ آتے ہیں وہ کاروباری برادری سے ملنا گوارہ نہیں کرتے ، موجودہ حکومت نے بھی وزیرخزانہ باہر سے لگایا ، مفتاح اسماعیل آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے ملاقاتیں کر رہے ہیں ، مفتاح اسماعیل وزیر خزانہ ہونے کی اہلیت نہیں رکھتے ، کراچی میں لوگوں نے مفتاح اسماعیل کو ہمیشہ مسترد کیا ۔ قیصر احمد شیخ نے کہا تھا کہ غیر ملکی حکومتوں نے ہمیں پیسہ صرف بینکوں میں رکھنے کے لیے دیا ہے ، ہمارے سامنے سری لنکا ڈیفالٹ ہوا ہے ، پاکستان بحران سے گزر رہا ہے ، ہمارے ملک میں 10 ارب ڈالر سے کم ریزرو رہ گئے ہیں ، آج ڈالر کا ریٹ 193 روپے انٹر بینک میں بند ہوا ہے اور ہماری توجہ غیر ضروری معاملات پر ہے ، مہنگائی ملک کی حکمرانوں کی اپنی غفلت کی وجہ سے ہے ، مسئلہ یہ ہے کہ اسمبلیوں میں بھی بحران پر توجہ نہیں ہے ، ہماری اسمبلیوں میں بھی ان چیزوں پر بحث نہیں کی جا رہی ۔

دوسری جانب عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف ) کی جانب سے حکومت کو دو ٹوک پیغام دیا گیا ہے کہ پٹرول مہنگا کیے بغیر بات نہیں بنے گی۔